Live Updates

عمران خان ملک و قوم کیلئے جدوجہد کی وجہ سے اقتدار میں آنیوالے مافیا کی آنکھوں میں کھٹک رہے ہیں ‘ جمشید چیمہ

ہفتہ 28 نومبر 2015 13:56

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 نومبر۔2015ء) تحریک انصاف پنجاب میڈیا ٹاسک فورس کے کنوینر جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں ملک اور قوم کو خون چوسنے والے مافیا کے چنگل سے آزاد کرائیں گے ،پنجاب حکومت نے صوبے کو تجربہ گاہ میں تبدیل کر دیا ہے اورعوام کے ٹیکسوں سے جمع ہونے والے اربوں روپے اس کی نذر کئے جارہے ہیں،حکومت کی طرف سے40ارب روپے جمع کرنے کیلئے 313درآمدی اشیاء پر ریگولیٹری ڈیوٹی بڑھانے سے سمگلنگ کوتقویت ملے گی اور انڈر انوئسنگ بھی کنٹرول میں نہیں رہے گی۔

اپنے ایک بیان میں جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوئی ترجیحات نہیں اور چل چلاؤ پالیسی پر عمل کیا جارہا ہے ۔مہنگے قرضوں کے حصول کے لئے ملک و قوم کو گروی رکھنے سے بھی گریز نہیں کیا جارہا جس کے نتائج انتہائی تباہ کن ہوں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومتی اداروں میں کرپشن کی وجہ سے ٹیکس نیٹ کا دائرہ بڑھنے کی بجائے مزید سکڑ رہا ہے اور صرف ایک سہ ماہی میں ٹیکس ریو نیو میں ایک ہزار ارب سے زائد کمی واقع ہوئی ہے ۔

تجربہ کار حکمرانوں کے دور میں قرضوں کا حجم 207کھرب سے تجاوز کر گیا ہے جو پوری قوم کے لئے لمحہ فکریہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنی ذات کی بجائے ملک و قوم کے لئے جدوجہد کیوجہ سے اقتدار میں آنے والے مافیا کی آنکھوں میں کھٹک رہے ہیں لیکن ہمارا عزم ہے کہ ملک و قوم کو ا س مافیا کے چنگل سے آزاد کرائیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف میں ممبر سازی کے بعد انٹر پارٹی انتخابات کرائے جائیں گے جس سے پارٹی مزید مضبوط ہو کر سامنے آئے گی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :