سردی کے اثرات سے بچنے کے لیے بنفشہ ، برگِ تلسی کی چائے اور لہسن کی چٹنی مفید ہے‘ حکماء

ہفتہ 28 نومبر 2015 14:16

سردی کے اثرات سے بچنے کے لیے بنفشہ ، برگِ تلسی کی چائے اور لہسن کی چٹنی ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 نومبر۔2015ء)ماہرین صحت کے مطابق خزاں اور سرما کا موسم بالخصوص پھیپھڑوں کے لیے مضر ثابت ہوتا ہے۔ اس لیے ان کا مقابلہ کرنے کے لیے ضروری دوائیں اور احتیاطی تدابیر پر پہلے ہی عمل پیرا ہونا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہارحکیم سلیم احمد خاں،حکیم محمداحمد سلیمی ، حکیم سید عمران فیاض،حکیم افضل میو ،حکیم عمر فاروق گوندل، حکیم محمد اسماعیل ، حکیم غلام مرتضی مجاہد ، حکیم وسیم انور ، حکیم احمد حسن نوری ، حکیم عطا ء الرحمان صدیقی اور حکیم حامد محمودنے موسم سرما کی احتیاطی تدابیر کے موضوع پر منعقدہ طبی مذاکرہ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ، حکماء نے کہاکہ موسم سرما کے صحت پر رونما ہونے والے برے اثرات سے محفوظ رہنے کے لیے گرم پانی میں آدھا لیموں نچوڑ کر خالص شہد ملا کر گھونٹ گھونٹ پینا مفید ہے۔

(جاری ہے)

لونگ، دار چینی، سیاہ مرچ اور سونٹھ(زنجبیل) کے سفوف کی ایک چٹکی گرم قہوے میں ملا کر شہد سے میٹھا کر کے پینا مفید ہے۔ اس سے جسم میں حرارت بڑھتی ہے اور قوت مدافعت میں اضافہ ہوتاہے۔ ان کے علاوہ بنفشہ اور برگِ تلسی کی چائے اور لہسن کی چٹنی بھی اس موسم میں مفید ہے۔ حکماء نے کہا کہ موسم کے سرد ہونے کے جلد پر گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ سردی میں اضافے سے جلد میں خشکی بڑھنے لگتی ہے۔ جلد کو خشکی سے بچانے کیلئے روغن بادام اور عرقِ گلاب کو خوب ملا کر (ایملشن بنا کر) چہرے اور ہاتھوں وغیرہ پر لگانا مفید رہتا ہے۔اس سے جِلد خشکی سے محفوظ رہتی ہے۔