پنجاب حکومت نے انٹرنیٹ سروسز کو سیل ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دے دیا

ہفتہ 28 نومبر 2015 14:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 نومبر۔2015ء) پنجاب حکومت نے انٹرنیٹ سروسز کو سیل ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے فنانس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت نے پنجاب سیل ٹیکس آف سروسز ایکٹ 2014ء میں ترمیم کے بعد انٹرنیٹ سروسز بشمول ڈائیل اپ اور براڈ بینڈ‘ ڈیٹا کمیونیکشن نیٹ ورک سروسز کو فوری طور پر سیل ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان سوفٹ وئیر ایکسپورٹ بورڈ سے رجسٹرڈ تمام سوفت ویئر ایکسپورٹنگ فرمز جو کہ عالمی لینڈ لائن اور براڈ بینڈ سروسز پر ٹیکس دے رہی ہیں ان کو بھی ٹیکس سے چھوٹ دے دی ہے اس کے علاوہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کی جانب سے ڈیٹا اور انٹرنیٹ سروسز فراہم کرنے والی کمپنیوں کو بھی اس سے مستثنیٰ قرار دے دیا ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ٹیلی کام انڈسٹری کے حکام کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے انٹرنیٹ سروسز پر ٹیکس لگنے کے بعد فارن ڈائریکٹ انوسٹمنٹ کم ہو گئی تھی جس کی وجہ سے موبائل فون کمپنیوں کو کافی نقصان برداشت کرنا پڑا تھا اب حکومت کی جانب سے ٹیلی کام سیکٹر کو سیل ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دینے پر ماہرین نے اسے خوش آئند عمل قرار دیا ہے اس سے دوبارہ بیرونی سرمایہ کاری بڑھنے کی توقع کی جا سکتی ہے۔