حوثی باغیوں نے یمنی اخبارت پر بھی جنگ مسلط کر دی

حقائق بے نقاب کرنے کے جرم میں کئی اخبارات و جرائد کی اشاعت بند کر دی گئی

ہفتہ 28 نومبر 2015 14:50

صنعاء(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 نومبر۔2015ء ) حوثی باغیوں نے یمنی اخبارت پر بھی جنگ مسلط کر دی،حوثی باغیوں نے محاذ جنگ میں شکست کا غصہ اخبارات پر نکالنا شروع کردیا اور حقائق بے نقاب کرنے کے جرم میں کئی اخبارات و جرائد کی اشاعت بند کر دی گئی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابقیمن میں ایران نواز حوثی باغیوں اور سابق صدر علی صالح کے وفاداروں کی جانب سے نہتے شہریوں کے خلاف انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں جاری ہیں وہیں آزادی اظہار کا گلہ گھونٹے میں بھی کوئی کسر نہیں چھوڑی جا رہی ہے۔

حوثی باغیوں کے انسانیت سوز مظالم کو بے نقاب کرنے کی جسارت کرنے والے اخبار، جریدے اور ٹی وی چینلز کو نت نئی پابندیوں اور حملوں کا سامنا ہے۔یمن کی جنرنلسٹ یونین کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ حوثی باغیوں نے 72 گھنٹوں میں دو اخبارات کے دفاتر پر دھاوے بولنے کے بعد ان کی اشاعت پر پابندیاں عاید کیں۔

(جاری ہے)

حوثی باغیوں نے صنعاء سے شائع ہونے والے اشتراکی پارٹی کے ترجمان اخبار کے دفتر پردھاوا بولا اور اخبار کی اشاعت پر پابندی عاید کرنے کا حکم دیا ہے۔

ایک روز بعد باغیوں نے الناصری تنظیم کے ترجمان ہفتہ جریدہ "الوحدوی" کی اشاعت پر پابندی عاید کرکے آزادی اظہار کا گلا گھونٹ دیا۔جرنلسٹ یونین کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں حوثی باغیوں کے ہاتھوں اخبارات و جرائد کے دفاتر میں دھاوے، توڑپھوڑ اور اخبارات کی اشاعت پر پابندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے آزادی صحافت پر حملہ قرار دیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ حوثی باغی جس طرح انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ وہی انہوں نے ان جرائم کو بے نقاب کرنے والے ابلاغی اور اشاعتی اداروں کو بھی انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنانا شروع کر رکھا ہے۔ حوثی باغی اور ان کے حواری صحافتی آزادیوں سے خوف زدہ ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ آئے روز اخبارات و جرائد کو حملوں کا نشانہ بنا کر انہیں حقائق سے دنیا کو آگاہ کرنے سے روکا جا رہا ہے۔ادھرجریدہ الوحدوی کے نائب مدیر عبدالعزیز الصبری نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ گذشتہ منگل کو حوثیوں نے جریدے کے صدر دفتر پر چھاپہ مار کر اس کی 1093 کاپیاں اپنے قبضے میں لے لی تھیں۔