اسرائیلی فوجیوں نے غربِ اردن میں فائرنگ کرکے ایک فلسطینی کار ڈرائیور کو شہید کردیا

ہفتہ 28 نومبر 2015 14:55

مقبوضہ بیت المقدس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 نومبر۔2015ء) اسرائیلی فوجیوں نے غربِ اردن میں فائرنگ کرکے ایک فلسطینی کار ڈرائیور کو شہید کردیا ہے۔اسرائیلی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ اس فلسطینی نے غربِ اردن میں یہودی آباد کاروں کی بستی کفر ایڈمم کے نزدیک ایک بس اسٹاپ پر کھڑے لوگوں پر اپنی کار چڑھا دی تھی جس سے دو فوجی معمولی زخمی ہوئے ہیں۔

گزشتہ روز پیش آئے اس واقعے کے بعد یکم اکتوبر سے اب تک مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں اسرائیلی سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد اٹھانوے ہوگئی ہے۔ان میں نصف کے بارے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہ مبینہ طور پر حملہ آور تھے اور ان کے چاقو حملوں اور فائرنگ سے سترہ اسرائیلی ہلاک ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کے علاوہ اریٹریا کا ایک شہری اور ایک امریکی بھی اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا تھا۔

گذشتہ ہفتہ سب سے زیادہ ہلاکت آفریں ثابت ہوا ہے اور اس دوران امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے بھی مشرق وسطیٰ کا دورہ کیا ہے اور انھوں نے اسرائیلی اور فلسطینی قیادت سے امن عمل کی بحالی کے حوالے سے بات چیت کی ہے لیکن وہ اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان تشدد کو رکوانے میں ناکام رہے ہیں اور قابض اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینیوں کے خلاف تشدد کے روایتی ہتھکنڈے جاری رکھے ہوئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :