مرکزی سیرت کمیٹی کی تحریک پر مظفرآباداورملحقہ علاقوں میں استقبال ربیع لاول کے حوالے سے صفائی مہم کی تیاری شروع

ہفتہ 28 نومبر 2015 15:04

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 نومبر۔2015ء)”حضورآپﷺ آئے ‘تودل جگمگائے“مرکزی سیرت کمیٹی کی تحریک پر دارلحکومت مظفرآباداورملحقہ علاقوں میں استقبال ربیع لاول کے حوالے سے علاقائی سطح پر مساجد ،مزارات اور قبرستانوں کی صفائی کے لئے مقامی تنظیموں نے ابتدائی تیاری شروع کردی ہے۔کارکنوں سے رابطے اور کام کے حوالے سے لائحہ عمل طے کیاگیا۔

چندروزمیں مساجد،مزارات مقدسہ اور قبرستانوں کی صفائی کی جائے گی‘جبکہ 25صفرالمظفرسے” درودوسلام پڑھو مہم“اور چراغاں و سجاوٹ شروع کردی جائے گی۔مرکزی سیرت کمیٹی کے سیکرٹری جنرل عتیق احمدرضانے کہاکہ ماہ ربیع لاول امن و اخوت اور محبتیں عام کرنے کامہینہ ہے اورحضورسرورعالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت مطہرہ کا فیض عام کرنے کے لئے جشن عیدمیلادالنبیﷺ کا اہتمام انقادناگزیرہے۔

(جاری ہے)

علماءِ کرام عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، امن واخوت اور انسانیت کی بھلائی کے جذبات ابھارنے کے لئے جو کرداراداکررہے ہیں ‘وہ لائق تحسین ہے۔انہوں نے کہاکہ حضوررحمت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات ستودہ صفات کی شان خودرب ذوالجلال عزوجل نے بلند فرمائی ہے اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان ہر لمحہ بلندتر ہورہی ہے۔انہوں نے کہاکہ نوجوان نسل کسی بھی طرح کے تفرقہ میں پڑے بغیر حضور سرورکائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی غیرمشروط محبت کو اپنے دل ودماغ کا محورومرکزبنالے ان کے تمام اعمال احسن تقویم کی منزل حاصل کرسکتے ہیں۔

مرکزی سیرت کمیٹی کے سیکرٹری جنرل عتیق احمدرضانے کہاکہ حضور رحمت عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ظہور سے کائنات عالم کو اللہ عزوجل کا شعور اور نور عطاہوا۔اس سے بڑی بدبختی اور کچھ نہ ہوگی کہ مسلمان اس نور رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے فیض حاصل نہ کرسکیں۔انہوں نے کہاکہ عقائد کو درست رکھیں اوراپنی نئی نسل کو صحابہ کرام اور اولیائے کرام واسلاف کے طریقے پر قائم رکھنے کے لئے ان کی تربیت کی طرف بھرپورتوجہ دینے کی ضرورت ہے اور اس کے لئے محافل میلادالنبیﷺ کا انعقادسب سے بہترطریقہ ہے۔