خیبر ایجنسی میں دہشتگردوں کے خاتمے تک کاروائی جاری رہے گی ‘پولیٹیکل ایجنٹ شہاب علی

ہفتہ 28 نومبر 2015 15:22

خیبر ایجنسی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 نومبر۔2015ء)پولیٹیکل ایجنٹ شہاب علی شاہ نے کہا ہے کہ خیبر ایجنسی میں دہشتگردوں کے خاتمے تک کاروائی جاری رہے گی۔وہ جمرود میں لیوی اور خاصہ دار فورس کے جوانوں سے خطاب کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے انہوں نے کہاکہ فورسز اور انتظامیہ کو مطلوب 24 آفراد نے گرفتاری دی ہے جبکہ 96مطلوب افراد نے گرفتاری نہیں دی ہے اسلئے ان کی گرفتاری کے لئے آپریشن اور چھاپوں کا سلسلہ جاری رہیگااور ان کے گھروں کو مسمار کرکے ان کے خاندانوں کو علاقہ بدر کیا جائے گا،انہوں نے کہاکہ لیوی اور خاصہ دار فورس نے جمرود کے علاقہ سور کمر میں کامیاب آپریشن کے بعد ایک گھر سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمدکرکے خاصہ دار فورس کے اہلکار کے قتل میں ملوث کالعدم تنظیم کے تین اہم ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے آپریشن میں حصہ لینے والے خاصہ دار اور لیوی فورس کے اہلکاروں کوتین لاکھ روپے انعام دینے کا بھی اعلان کیا۔انہوں نے کہاکہ داعش،طالبان اور منگل باغ کے خلاف آپریشن جاری رہیگا، انہوں نے کہا کہ قبیلہ سپاہ عسکری تنظیموں سے لاتعلقی کا اعلان کرے بصورت دیگر ان کے خلاف کاروائی ہوگی،انہوں نے کہاکہ اگر کوکی خیل قبیلہ نے بھی مطلوب آفراد کو فورسز کے حوالہ نہیں کیا تو ان کے گھروں کو مسمار کیا جائیگا،انہوں نے کہا کہ لنڈی کوتل اور جمرود کے بعض علاقوں میں شدت پسندوں کی موجودگی اطلاعات ملنے کے بعد فورسز کو الرٹ کیا گیا ہے،شہاب علی شاہ نے کہا کہ خاصہ دار اور لیوی فورس کو دوبارہ منظم کیا جا رہا ہ جواپنے متعلقہ علاقوں می آمن و امان کی ذمہ دار ہوگی اورکارکردگی نہ دکھانے والے اہلکاروں اور کمانڈروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائیگی،انہوں نے کہا کہ خاصہ دار اور لیوی فورس ے اہلکاروں کے قتل میں ملوث دو مشکوک آفراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔

انہوں نے پولیٹیکل انتظامیہ جمرود کے آسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ سیف الااسلام،تحصیلدار عصمت اللہ وزیر ،لیوی اور خاصہ دار فورس کی کارکردگی کو سراہا جنہوں نے دو مشکوک افرادکوگرفتار کرکے خود کش جیکٹس اور بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کیا۔