یو بی جی بزنس کمیونٹی کا نہیں بلکہ اجارہ داروں اور فیملی کا گروپ ہے،میا ں زاہد حسین

ہفتہ 28 نومبر 2015 16:16

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 نومبر۔2015ء) بزنس مین پینل کے نائب چیئرمین میاں زاہد حسین ‘ فیڈرل ایریا کے چیئرمین مرزا عبدالرحمن ‘ ایف پی سی سی آئی کے ایگزیکٹیو ممبران محمد سجاد ‘ ریاض خٹک ‘ مشتاق احمدنے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ یونائٹیڈ بزنس گروپ بزنس کمیونٹی کا نہیں بلکہ چند اجارداروں کا گروپ ہے ۔

یوبی جی کی کور کمیٹی خود ساختہ اور کٹھ پتلی کور کمیٹی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یو بی جی نے جس طرح ایف پی سی سی آئی کی صدارت کیلئے ایک کمزور اور کوئی کاروبار نہ کرنے والے شخص کو امیدوار نامزد کیا اس کی کو یوبی جی کی کور کمیٹی کو خبر تک نہ تھی اور آج سندھ میں ممتاز شیخ کے بیٹے ذوالفقار شیخ ‘ میاں ارشد شیخ اور حنیف گوہر کو نائب صدارت کے امیدوار پہلے ہی نامزد کر دئیے اور آج لاہور میں یو بی جی کی کور کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ۔

(جاری ہے)

بزنس کمیونٹی خود فیصلہ کرے کہ جس گروپ نے امیدواروں کے پہلے ہی فیصلے کرد ئیے اس کی کور کمیٹی کا اجلاس بعد میں طلب کرنے سے اس کی کیا حیثیت رہ جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم منیر نے ایف پی سی سی آئی کی صدارت کیلئے کٹھ پتلی امیدوار نامزد کیا اور کور کمیٹی بھی کٹھ پتلی بنائی جس کا کام صرف انگھوٹھے لگانا ہے یعنی فیصلے پہلے بعد میں کور کمیٹی سے ان فیصلوں پر انگھوٹھے لگانا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یونائٹیڈ بزنس گروپ کے چیف نے ایف پی سی سی آئی کی 2017ء کی صدارت 80لاکھ میں فروخت کر دی ہے اور ان اسی لاکھ کو ایف پی سی سی آئی 2016ء کے الیکشن کی مہم پر خرچ کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کے 2017ء کے الیکشن میں یو بی جی کا صدارتی امیدوار زبیر طفیل ہوگا ۔ جس نے یو بی جی چیف کو اس عہدے کیلئے 80لاکھ روپے دے دئیے ہیں ۔

انہوں نے کہ کیا یہی یو بی جی کی مشاورت اور بزنس کمیونٹی سے محبت و خدمت ہے کہ جس کے چیف جو بڑے بڑے دعوے کرتے ہیں نے ایف پی سی سی آئی 2017ء کیلئے صدارت کے عہدے کا سودا کردیا ۔ انہوں نے کہا بزنس مین پینل سلطان احمد چاؤلہ کی سربراہی میں بزنس کمیونٹی کی دن رات خدمت کرتی آرہی ہے اور آج بھی یہ سلسلہ جاری ہے اور جاری رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ بزنس مین پینل نے ایف پی سی سی آئی کے الیکشن کیلئے دیانتدار ‘ جرأت مند ‘ طاقتور اور وژن رکھنے امیدوار بزنس کمیونٹی کیلئے خدمت میں پیش کر رہے ہیں

اور ہم امید کرتے ہیں کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی بزنس پینل پینل کے امیدواروں کو کامیاب کراکر اجارہ دار گروپ کو ہمیشہ کیلئے ختم کردینگے ۔

انہوں نے کہا کہ یو بی جی بزنس کمیونٹی کا گروپ نہیں بلکہ اجارہ داروں اور فیملی کا گروپ ہے کیوں کہ ایس ایم منیر کی جگہ ایس ایم نصیر اور اس سال ایس ایم منیر کا ایک بیٹا اور اگلے سال کیلئے دوسرا بیٹا جبکہ اس سال ممتاز شیخ اور اگلے سال اس کا بیٹا اسی طرح افتخار علی ملک اور اگلے سال کیلئے اس کا بیٹا آیا ہے یو بی جی گروپ میں صرف فیملی ممبرز کو ترجیح دی جاتی ہے ملک کی بزنس کمیونٹی کی کوئی جگہ نہیں ۔

میاں زاہد حسین ‘ مرزا عبدالرحمن ‘ محمد سجاد ‘ ریاض خٹک اور مشتاق احمد نے مزید کہا کہ بزنس مین پینل ملک کے ان تمام چیمبرز اور ایسوسی ایشنز کو نمائندگی دینگے جن کو آج تک حق نہیں ملا اور ان کو وہ طاقت اور قوت دی جائے گی کہ وہ اپنے صوبے کی بزنس کمیونٹی کی نہ صرف خدمت کر سکیں بلکہ اپنا حق آسانی سے حاصل کرسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی ایف پی سی سی آئی کے الیکشن میں جرأت مند ‘ نڈر ‘ بے باک ‘ بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھنے ‘ حکومتی اور سرکاری اداروں تک بآسانی رسائی رکھنے اور بزنس کمیونٹی کے حقوق کی جدوجہد اور بزنس کمیونٹی پر حکومت کی جانب سے ٹیکسوں کے نفاذ اور حکومت کے ظالمانہ اقدامات کے آگے سیسہ پلائی دیوار بننے والے بزنس مین پینل کے امیدواروں کو کامیاب کرائیں گے ۔

انہوں نے کہا بزنس مین پینل کے نامزد کردہ صدارتی امیدوار سینیٹر حاجی غلام علی کی سابقہ کارکردگی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ۔ا ن کے دور صدارت میں پاکستان کی بزنس کمیونٹی کے جتنے مسائل حل ہوئے ‘ ایکسپورٹ میں جس طرح اضافہ ہوا اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی ۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی سینیٹر حاجی غلام علی کو منتخب کراکر ملک کی معیشت کو مضبوط ‘ ایکسپورٹ میں اضافے ‘ ٹیکسوں کے نئے نفاذ کے خاتمے ‘ بزنس کمیونٹی کے مسائل کے خاتمے میں اہم کردار ادا کریں گے