مصرمیں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 4 سکیورٹی اہلکار ہلاک،تاحال کسی گروپ نے ذمہ داری قبول نہیں کی

موٹر سائیکل سوارنامعلوم حملہ آوروں نے پولیس چیک پوائنٹ پر اندھا دھند فائرنگ کی ،حکام

ہفتہ 28 نومبر 2015 16:27

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 نومبر۔2015ء ) مصر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 4 سیکورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق مصر میں سکیورٹی حکام نے بتایا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے کم سے کم چار سکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک کر دیا ہے۔یہ واقعہ دارالحکومت قاہرہ سے 35 کلومیٹر جنوب میں سقارہ علاقے میں رونما ہوا جہاں نامعلوم حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے جب وہ ایک پولیس چیک پوائنٹ پر پہنچے تو انھوں نے فائرنگ شروع کر دی۔

تفتیش کاروں کو جائے حادثہ کے لیے روانہ کیا جا چکا ہے۔

(جاری ہے)

فوری طور پرکسی نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے جبکہ اس علاقے کو محاصرے میں لے لیا گیا ہے۔میجر جنرل خالد شلابی نے بتایا نقاب پوش موٹر سائیکل سواروں نے ساڑھے چار ہزار سال پرانے سٹیپ اہرام کے علاقے میں سکیورٹی چیک پوائنٹ پر فائرنگ کی ہے۔خیال رہے کہ مصر میں 2013 میں اسلام پسند رہنما محمد مرسی کی حکومت کو برطرف کیے جانے کے بعد سے سکیورٹی فورسز پر اس طرح کے حملے ہوتے رہے ہیں۔زیادہ تر یہ حملے سینا کے علاقے میں ہوئے ہیں۔ جہاں کے جنگجووٴں نے شام اور عراق میں بہت سے علاقے پر قابض دولت اسلامیہ کے ساتھ اتحاد کا اعلان کر رکھا ہے۔