رسول رحمت کی ذات ستودہ صفات کائنات کامحورمرکزہے‘ علامہ مفتی محمدعمران رضاشیرازی

ہفتہ 28 نومبر 2015 16:34

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 نومبر۔2015ء)معروف مذہبی سکالر علامہ مفتی محمدعمران رضاشیرازی نے کہاہے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات ستودہ صفات کائنات کامحورمرکزہے اورکائنات کی ہر چیزکو حضورنبی رحمت کی متابعت میں دے دیاگیاہے،دنیاوآخرت میں حقیقی کامیابی ذات رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے غیرمشروط وابستگی ،آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سچی محبت،ادب واحترام اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی کامل اتباع کے بغیرممکن نہیں،مسلمان دین ودنیامیں کامیابی کے لئے جناب ِسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دامن رحمت سے وابستہ ہوجائیں۔

رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو چھوڑکر کوئی کامیابی حاصل نہیں کی جاسکتی۔مرکزی سیرت کمیٹی کے زیراہتمام جامع مسجدمرکزی عیدگاہ میں منعقدہ ہفتہ وار درس قرآن کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علامہ عمران شیرازی نے کہاکہ قرآن کریم نے واضح طورپربیان فرمادیاہے کہ ”اے محبوب آپ کہہ دیں کہ اگرتم اللہ تعالیٰ سے محبت کا دعویٰ کرتے ہوتومیری(رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی )اتباع کرو‘اللہ تم سے محبت کرے گا“۔

(جاری ہے)

گویااللہ تعالیٰ نے اپنے عرفان اور عنایات کو ذات رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت اورآپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اتباع سے مشروط کردیاہے،اورکوئی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو چھوڑکربراہ راست اللہ تعالیٰ کی ذات عالیٰ شان کا عرفان اور دین کی روح بلکہ ایمان بھی کو نہیں پاسکتا۔انہوں نے کہاکہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات ستودہ صفات کو رب العالمین نے جامع الاوصاف و جامع الکمالات نبویہ بناکر مبعوث فرمایا۔

آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا بشری لباس میں مبعوث ہوناانسانوں کی اصلاح کے لئے تھاکہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بشری صورت میں انسانوں کو زندگی گزارنے کاعملی نمونہ پیش کردیا۔اللہ تعالیٰ نے واضح طورپرفرمادیاکہ تمہارے لئے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات بہترین نمونہ ہے۔جوکچھ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کیا‘وہ دین بن گیااور جس چیز سے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے روک دیاوہی شریعت بن گئی۔

کسی میں اتنی جراء ت نہیں کہ وہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے آگے بڑھ سکے،جوایساسوچے گابھی‘اس کاٹھکانہ دوزخ ہوگا۔انہوں نے کہاکہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ہستی ہی کائنات کا مقصوداور اللہ تعالیٰ کی رحمتوں کا پرتوہے۔جوآپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ے مل گیااسے کائنات کی بھلائیاں عطاکردی جائیں گی اور جس نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کادامن رحمت چھوڑدیااس کے گلے میں دائمی ناکامی اوررسوائی کاطوق ڈال دیاجائے گا۔