بھارت میں انتہا پسند جماعت کی حکومت نے ہندوستان کا سیکولر چہرہ داغ دار کر دیا؛وزیر ریلوے سعد رفیق

ہفتہ 28 نومبر 2015 16:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 نومبر۔2015ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ بھارت میں انتہا پسند جماعت کی حکومت ہے۔ ہندوستان کا سیکولر چہرہ داغ دار ہو گیا ہے‘ پاکستان میں اقلیتی برادری کو مکمل تحفظ حاصل ہے‘ کھیل کو سیاست کا شکار نہیں ہونا چاہئے‘ بھارت اگر سریز کا حامی ہے تو پاکستان کو اس پر کوئی اعتراض نہیں ہے‘ افواج پاکستان نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2017ء کے آخر تک بجلی کا بحران ختم ہو جائے گا۔ آصف زرداری اور پرویز مشرف نے اگر کوئی کام کیا ہوتا تو آج بجلی کا بحران نہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے دھرنوں سے اس قوم کا وقت ضائع کیا ہے۔

(جاری ہے)

عمران خان کو دھرنوں میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں حالت بہتر ہو رہی ہے۔ کراچی میں بھتہ خوروں کو پناہ نہیں مل رہی اور کراچی میں بعض جماعتوں کو تحفظات ہیں وہ جلد دور کر دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں انتہا پسند جماعت کی حکومت ہے۔ بھارت کو اپنا رویہ درست کرتے ہوئے یہ سوچنا چاہئے کہ ہمسائے بدلے نہیں جا سکتے ہیں۔ بھارتی سول سوسائٹی کو یہ سوچنا چاہئے کہ نفرت انگیزی کی بناء پر کسی جماعت کو ووٹ نہیں دیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاک بھارت کرکٹ سریز ہونی چاہئے اگر بھارت کرکٹ سریز کھیلنے پر آمادہ ہے تو پاکستان کو اس پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ کھیل کو سیاست کا شکار نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے۔ ایک ایک دہشت گرد کا پیچھا کریں گے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا۔ دہشت گردوں کو کہیں بھی پناہ نہیں لینے دیں گے۔ دہشت گردی کا صفایا کر کے اس ملک کو امن کا تحفہ دیں گے۔