وزیر داخلہ کا سابق صدر ووزیراعظم آزاد کشمیر سردار سکندر حیات خان کو ٹیلی فون ،آزاد کشمیر کی تازہ ترین سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

ہفتہ 28 نومبر 2015 16:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 نومبر۔2015ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سینئر نائب، سابق صدر ووزیراعظم آزاد کشمیر سردار سکندر حیات خان کو ٹیلی فون اور ا ن کی صحت و مزاج کے بارے میں دریافت کرتے ہوئے آزاد کشمیر کی تازہ ترین سیاسی صورتحال اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

چوہدری نثار علی خان نے سالار جمہوریت سردار سکندر حیات خان کے دورہ اسلام آباد کے دوران بعض اہم مصروفیا ت کے باعث ملاقات نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سردار سکندر حیات خان کا نہ صرف آزاد کشمیر بلکہ پاکستان کی سیاست میں اہم کردار رہا ہے اور یہ مسلم لیگی کارکنوں کی خوش قسمتی ہے کہ انہیں آج بھی آزاد کشمیرمیں سالار جمہوریت جیسے تجربہ کار اور اعلیٰ پائے کے سیاست دان کی سرپرستی حاصل ہے۔

(جاری ہے)

چوہدری نثار علی خان نے سردار سکندر حیات خان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام کے دل اپنے کشمیر ی بھائیوں کیساتھ دھڑکتے ہیں اور آزاد کشمیر کے تعمیر وترقی میاں محمد نواز شریف اور مسلم لیگ(ن) کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے نادارا سے متعلقہ معاملات پر یقین دلاتے ہوئے کہا کہ آئندہ اس طرح کی شکایات کا کوئی موقع نہیں ملے گا بلکہ سابقہ شکایات کا بھی موثر انداز میں ازالہ کیا جائیگا اور ہماری کوشش ہے کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر کے عوام کی توقعات پر پورا اترے۔

سردار سکندر حیات خان نے چوہدری نثار علی خان سے کہا کہ آپ کو پاکستان کی سیاست میں اہم مقام حاصل ہے اور یہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی خوش قسمتی ہے کہ آپ جیساسیاسی بصیرت رکھنے والا اور معاملافہم سیاست دان مسلم لیگ(ن) کی اولین صفوں میں موجود ہے اور یہی وجہ ہے کہ قائد پاکستان میاں محمد نواز شریف نے وزارت داخلہ جیسی اہم وزارت کا قلمدان آپ کے سپرد کر رکھا ہے جو آپ کی صلاحیتوں اور اعلیٰ قابلیت پر اعتماد کا مظہر ہے۔

سالار جمہوریت سردار سکندر حیات خان نے چوہدری نثار علی خان گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ گذشتہ الیکشن میں پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر کے عوام کے حق رائے دہی پر ڈاکہ ڈالنے کیلئے نادار کے جعلی شناختی کارڈ کا بے دریغ استعمال کیا اور اسو قت بھی ووٹر لسٹوں میں لاکھوں کی تعداد میں جعلی ووٹ درج ہیں۔ سردار سکندر حیات خان نے آزاد کشمیر کے آمدہ الیکشن کیلئے نئی ووٹر لسٹوں کی تیاری کو نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ نادرا کے ریکارڈ کے مطابق نئی ووٹر لسٹیں تیار کیے بغیر آزاد کشمیر میں صاف و شفاف الیکشن کا انعقاد ممکن ہی نہیں ہے۔

سردار سکندر حیات خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات فوج اور رینجرز کی نگرانی میں کروانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں اور وفاقی حکومت آزاد کشمیر میں ایک کرپشن فری ، گڈ گورننس کی حامل حکومت کے قیام کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آزاد کشمیر ایک صاف شفاف حکومت کی ضرورت ہے جو پاکستان کے فراہم کردہ فنڈز اور ذمہ داریاں انصاف اور میرٹ کے مطابق استعمال میں لائے آزاد کشمیر کے عوام کوپاکستان مسلم لیگ(ن )حکومت ،میاں محمد نواز شریف اور ان کے رفقاء سے امید ہے کہ پاکستان اپنی ان ذمہ داریوں کو احسن انداز میں پورا کرے گا۔

ہمیں آزاد کشمیر میں مسلم لیگ(ن) کی حکومت کے قیام کے سلسلہ میں صرف اس حد تک مدد درکار ہے کہ عوام کو حق رائے دہی کے استعمال میں آزادی اور میرٹ اور انصاف کے مطابق ووٹ ڈالنے کی سہولت میسر ہو ہمیں پیپلز پارٹی کی طرح ووٹو ں کے تھیلے، جعلی شناختی کارڈ اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے چیکوں کی ضرورت نہیں ہے صرف اور صرف عوام کو آزادانہ طور پر ووٹ ڈالنے کی سہولت میسر ہونی چاہیے آزاد کشمیر کے عوام میاں محمد نواز شریف کی قیادت اور مسلم لیگ(ن) پر اپنے اعتماد کا بھرپور اظہار کر چکے ہیں اورعوام کو یہی توقعات ہیں کہ میاں محمد نواز شریف کی اقتصادی پالیسیوں کی بدولت آزاد کشمیر شاہرائے ترقی رواں دواں ہو گا۔