کراچی آپریشن کو مزید تیز کیا جائیگا 2013 اور 2015 کے کراچی میں زمین آسمان کا فرق ہے وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان

حکومت صحافیوں کے تحفظ کیلئے بھی اقدامات کر رہی ہے سیاسی جماعتوں کے کراچی آپریشن پر تحفظات دور کر نے کیلئے تیار ہیں ڈاکٹر عاصم کے خلاف جو کچھ ہوگا قانون کے مطابق ہوگا میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 28 نومبر 2015 17:35

کراچی آپریشن کو مزید تیز کیا جائیگا  2013 اور 2015 کے کراچی میں زمین آسمان ..

واہ کینٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 نومبر۔2015ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی نے کراچی میں رینجرز اور نجی ٹی وی چینل کی وین پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی آپریشن کو مزید تیز کیا جائیگا 2013 اور 2015 کے کراچی میں زمین آسمان کا فرق ہے حکومت صحافیوں کے تحفظ کیلئے بھی اقدامات کر رہی ہے سیاسی جماعتوں کے کراچی آپریشن پر تحفظات دور کر نے کیلئے تیار ہیں ڈاکٹر عاصم کے خلاف جو کچھ ہوگا قانون کے مطابق ہوگا ۔

واہ کینٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری نثار علی نے کہا کہ سال 2013 اور 2015 کے کراچی میں زمین آسمان کا فرق ہے، کراچی آپریشن جاری رہے گا اور اب اس میں کمی نہیں ہوگی بلکہ اس میں مزید تیزی لائی جائے گی.انہوں نے کہا کہ رینجرز پر حملے کے بعد دہشت گردوں کی گرفتاری اور ان کے خاتمے کا سلسلہ تیز کردیا گیا ہے انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم نے 28 اگست 2013 ء کو کراچی میں آپریشن کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

تمام پارٹیوں کے مشورے کے بعد ہی کراچی آپریشن شروع کیا گیا تھا اور اگر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کو کراچی آپریشن پر تحفظات ہیں تو انہیں دور کرنے کو تیار ہیں۔چوہدری نثار نے کہاکہ بیماری پر ہی مریض کا علاج کیا جاتا ہے، تمام پارٹیوں کے مشورے سے آپریشن شروع کیا گیا، جسے وفاقی وزارت داخلہ مانیٹر کر رہی ہے۔

ڈاکٹر عاصم کیس کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ کیس میں جو بھی ہوگا قانون کے مطابق ہوگا۔کوئٹہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پہلے کی نسبت کوئٹہ کے حالات میں بہت بہتری آچکی ہے اور 90 فیصد پنجابی کوئٹہ اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں واپس جاچکے ہیں۔وزیر داخلہ نے نجی ٹی وی کی ڈی ایس این جی وین پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں واقعے پر افسوس ہے مگر حالات اتنے بھی برے نہیں، صحافی اب بھی نشانہ بن رہے ہیں جو تشویشناک ہے تاہم حکومت صحافیوں کے تحفظ کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔

ایک اورسوال پر وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان اور سیکیورٹی فورسز ملک میں امن و امان کے لیے بہتر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ جس کے باعث ملک کے اندر ہونے والے دہشتگردی کے واقعات میں کمی آئی ہے۔چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ رینجرز نے سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر عاصم سے جو تفتیش کی ہے اس کی رپورٹ مل چکی ہے جبکہ نیب کی تفتیش کے کچھ حوالے بھی موجود ہیں۔