سوشل ویلفیئر اداروں کی پکڑ دھکڑ کے خلاف لاہور پریس کلب کے باہر خواجہ سراؤں کا احتجاجی مظاہرہ

ہفتہ 28 نومبر 2015 18:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 نومبر۔2015ء) سوشل ویلفیئر اداروں کی پکڑ دھکڑ کے خلاف لاہور پریس کلب کے باہر خواجہ سراؤں کا احتجاجی مظاہرہ۔ خواجہ سرا ایسوسی ایشن کی صدرنیلی نے کہا کہ خواجہ سرا بھی اس معاشرے کا حصہ ہیں۔ ان کے ساتھ تمام شہریوں کے علاوہ پولیس بھی ناروا سلوک کرتی ہے۔ میڈم نیلی نے آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ماضی میں بچوں کی پیدائش اور گھریلو تقریبات کے موقعوں پر ناچ گانوں کے ذریعے ان کے معاشی معاملات اچھے طریقے سے چلتے تھے مگر آہستہ آہستہ لوگوں نے اپنی گھریلو تقریبات پر بلانا بند کردیاہے۔

جس کے باعث انہیں روٹی کے لالے پڑ گئے۔ جب نوبت فاتون تک پہنچی توزندہ رہنے کیلئے بھیک مانگنے کوسہارا بنالیا۔ مگر سوشل ویلفیئر کے اداروں نے پکڑنا شروع کردیا ہے۔

(جاری ہے)

اگر حکومت ہمیں بھیک مانگنا نہیں دیکھ سکتی توہمیں سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ دے اور سوشل ویلفیئر کے ادارے ہمارے لئے بجٹ میں رقوم مختص کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے گھر کا چولہا جلانے کیلئے غلیظ ترین کام کرنا پڑتے ہیں۔

لوگ ہمیں استعمال کرکے پورے پیسے بھی نہیں دیتے اور پولیس بھی ہم سے پیسے چھین لیتی ہے۔ پولیس ہمارے پر بہت ظلم کرتی ہے۔ ہم پاس اپنی شکایات لے کر جانے کا کوئی راستہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم معاشرے کیلئے کھلونا ہیں۔ لوگ ہم سے نہ توہمدردی رکھتے ہیں نہ تو ہماری کوئی مدد کرتے ہیں۔بلکہ ہمیں صرف اپنی تفریح کا ذریعہ سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہمیں بھی اچھی زندگی گزارنے کا موقع دے ہمارے لئے مختلف محکموں میں ملازمتوں کا کوٹہ مختص کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے شناختی کارڈ بنائے جائیں۔ اور ہمیں میڈیکل کی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ مظاہرے میں سینکڑوں خواجہ سراؤں نے حصہ لیا۔

متعلقہ عنوان :