بی زیڈ یو لاہور کیمپس کے طلبا کا قیمتی سال ضائع نہیں ہونے دیں گے: رانا مشہود

طلبا کے مفاد کے تحفظ کے لئے کیمپس کو کالج میں تبدیل کرکے طلبا کاکیرئیر بچا پا جا سکتا ہے

ہفتہ 28 نومبر 2015 18:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 نومبر۔2015ء) بہاؤالدین ذکریا یونیورسٹی بہاولپور کے لاہور کیمپس کے طلبا وطالبات کا تعلیمی سال کسی صورت ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا۔ بی زیڈ یو لاہور کیمپس کے مسائل حل نہ ہوئے تو طلبا کے مفاد کے تحفظ کے لئے کیمپس کو کالج میں تبدیل کرکے طلبا وطالبات کا قیمتی وقت اور تعلیمی کیرئیر بچایا جائے گا۔

کیمپس کے قیام میں بے ضابطگیوں کے ذمہ دار عناصر کو ضرور سزا ملے گی تاہم طلبا وطالبات کا اس معاملے میں کوئی قصور نہیں ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی بہاولپور کے لاہور کیمپس کے معاملات کو سدھارنے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

ٗوزیراعلی کی ہدایت پر محکمہ تعلیم کے اعلی حکام پر مشتمل ایک کمیٹی بھی اس سلسلے میں قائم کر دی گئی ہے جو مسئلہ کے حل کے لئے تمام امکانات پر غور کررہی ہے۔

رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ بی زیڈ یو لاہور کیمپس سمیت11 ایسے کیمپسزکے معاملات زیر غور ہیں جو ایچ ای سی پنجاب کے قواعد وضوابط اور شرائط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے قائم کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ہائر ایجوکیشن پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔اس سال صوبے کے طول وعرض میں 37 نئے ڈگری کالجز قائم کئے جارہے ہیں جبکہ پہلے سے موجود58 کالجز میں عدم دستیاب سہولیات کی فراہمی کا پروگرام بھی اس سال کے محکمے کے بنیادی ایجنڈے میں شامل ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعلی نے لاہور نالج پارک کی تکمیل کے لئے 21 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے جو اعلی تعلیم کے فروغ میں ان کی دلچسپی کی غماز ہے۔

متعلقہ عنوان :