امریکی نیشنل سکیورٹی ایجنسی نے فون کالز کی جاسوسی ختم کرنے کا اعلان کر دیا

ہفتہ 28 نومبر 2015 18:04

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 نومبر۔2015ء) امریکا کی نیشنل سیکورٹی ایجنسی نے فون کالز کی جاسوسی ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ کچھ ری پبلکنز نے پیرس حملوں کی وجہ سے اس پروگرام کو توسیع دینے کی اپیل کی تھی۔امریکی نیشنل سیکورٹی ایجنسی کے سربراہ نے انتیس نومبر سے فون کالز کی جاسوسی ختم کرنے کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

ٹیلی فون کمپنیاں تو ریکارڈ رکھیں گی تاہم حکومت عدالتی حکم کے بعد کسی بھی شخص کی فون کال کا ریکارڈ حاصل کرنے کے لیے کمپنی سے رجوع کرے گی۔

امریکی میڈیا کے مطابق نیشنل سیکورٹی ایجنسی نے پہلے سے ریکارڈ اربوں فون کالز دیکھنے کے لیے تین ماہ کا وقت مانگا ہے۔ فارن انٹیلی جنس سرویلینس کورٹ میں این ایس اے کو مزید 3 ماہ فون کالز ریکارڈ تک رسائی کی اجازت دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔امریکی کانگریس نے یو ایس اے،،فریڈم ایکٹ کی منظوری دے کر نیشنل سیکورٹی ایجنسی کو فون کالز کی جاسوسی سے روک دیا تھا۔ ادھر پیرس حملوں کے بعد ریپبلکنز رہنما اس پروگرام کو جاری رکھنا چاہتے ہیں۔