سری لنکا میں بھی پاک بھارت کر کٹ سیریز کے امکانات کے خاتمے کے بادل منڈلانے لگے

پاک بھارت کر کٹ سیریز سری لنکا میں بھی نہیں ہورہی،بھارتی میڈیا کا دعویٰ

ہفتہ 28 نومبر 2015 18:55

سری لنکا میں بھی پاک بھارت کر کٹ سیریز کے امکانات کے خاتمے کے بادل منڈلانے ..

نئی دہلی/ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 نومبر۔2015ء) سری لنکا میں بھی پاک بھارت کر کٹ سیریز کی معطلی کے بادل منڈلانے لگے۔ بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ ، بھارتی میڈیا اور ہاکی فیڈریشن نے پاک بھارت کر کٹ سیریز کی مخالفت کر دی ۔ مودی سرکار کی منہ زور جماعت شیو سینا بھارتی کرکٹ بورڈ پر برس پڑی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے پاک بھارت سیریزکی مخالفت کردی۔

بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کا کہنا ہے کہ بھارتی عوام کے جذبات پاک بھارت میچوں کے مخالف ہیں اس لیے موجودہ حالات میں پاک بھارت سیریزنہیں کھیلی جاسکتی۔ دوسری جانب بھارتی ہاکی فیڈریشن کے صدر نریندر بٹرا نے پاک بھارت سیریز کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ عام طور پر کہا جاتا ہے کہ کھیل اور سیاست کو الگ الگ رکھنا چاہیئے لیکن یہ بات پاک بھارت سیریز پر صادق نہیں آتی ہے۔

(جاری ہے)

نریندرا بٹرا نے پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا کہ سرحد پار کے دہشت گردوں نے ایک ہفتے قبل ہی مقبوضہ کشمیر میں کرنل سنتوش مہاندک کو ہلاک کیا ہے تاہم بی سی سی آئی کو پاکستان سے سیریز کی پڑی ہے اور ایسا لگتا ہے کہ ان کے لیے صرف پیسہ ہی سب کچھ رہ گیا ہے۔نریندرا بٹرا کے مطابق اگر بھارت اور پاکستان کے مابین ہاکی سیریز ہوئی تو ہمیں 5کروڑ روپے منافع ہوگا لیکن ہمارے لیے پیسو ں سے زیادہ اپنے فوجیوں کا خون اہم ہے۔

دوسری جانب پاک بھارت کرکٹ سیریزسے متعلق پگھلتی برف شیو شینا کو ایک آنکھ نہ بھائی۔مودی سرکار کی منہ زور جماعت شیو سینا بھارتی کرکٹ بورڈ پر برس پڑی، کہا پاک بھارت سیریز بحالی سے لاکھوں بھارتیوں کی دل آزاری ہوگی۔پہلے انتہا پسندی پرلوگوں کا سچ سننا برداشت نہ ہوااور اب مودی سرکار کی بغل بچہ جماعت نے پاک بھارت کرکٹ سیریز کی مخالفت کا ڈھول پیٹنا شروع کر دیا،یہ شرپسند ٹولہ پاک بھارت سیریز کی بحالی پر اپنے ہی بورڈ پر بجلی بن کرگر پڑا،اپنی گندی ذہنیت سے کرکٹ جیسے پرامن کھیل کو بھی گندا کرنے کی ٹھان لی ہے۔

شیوشینا کا ترجمان اخبار ’سامنا‘ پاکستان دشمنی میں ایک اور قدم آگے بڑھ گیا۔ اخبار نے اداریئے لکھا کہ پاک بھارت سیریز سری لنکا میں کرانے کی تجویز سے ایسا لگ رہا ہے کہ جیسے اجمل قصاب کو اسکی ٹیم کے ساتھ اعزازات سے نوازا جا رہا ہے۔اخبار نے یہ زہر بھی اگلا کہ دہشتگردی کی وجہ سے پاک بھارت سیریز پاکستان میں نہیں کرائی جا رہی اور شیوشینا اسے بھارت میں ہونے نہیں دیگی، یہ خوشی کی بات ہے کہ ابتک بھارتی وزارت خارجہ نے سیریز پر کوئی گرین سگنل نہیں دیاہے۔

متعلقہ عنوان :