پرویز مشرف سے بڑاکوئی محب وطن نہیں ہوسکتا ،محافظ پاکستان کیلئے غداری کے الفاظ استعمال کرنا قومی حمیت کیلئے گالی ہے

آل پاکستان مسلم لیگ برطانیہ کے چیف ایڈوائزر چودھری الطاف کااے پی ایم ایل پروفیشنل ونگ کے اجلا س سے خطاب

ہفتہ 28 نومبر 2015 18:58

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 نومبر۔2015ء) آل پاکستان مسلم لیگ برطانیہ کے مرکزی چیف ایڈوائزر چودھری محمدالطاف شاہد نے کہا ہے کہ پرویز مشرف سے بڑاکوئی محب وطن نہیں ہوسکتا،ہمارے قائد کی حب الوطنی پرانگلی اٹھانے والے خودوطن فروش ہیں ، پرویز مشرف کوبھارت نوازحکومت سے حب الوطنی کے کسی سر ٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں۔محافظ پاکستان پرویز مشرف کیلئے غداری کے الفاظ استعمال کرناقومی حمیت کیلئے گالی جبکہ دفاعی اداروں پرحملے کے مترادف ہے۔

پرویز مشرف نے زندگی میں کئی بار دفاع وطن کیلئے سردھڑکی بازی لگائی ،حکمران خاندان بتائے اس کی کیا قربانیاں ہیں ۔ بھارت سے مذاکرات کیلئے گڑگڑانے والے حکمران افواج پاکستان کے سابق سربراہ کامیڈیاٹرائل بندکریں۔

(جاری ہے)

پرویز مشرف نے فوج کے سربراہ کی حیثیت سے جواقدامات اٹھائے وہ مادروطن سے والہانہ محبت کے غماز تھے ۔وہ اے پی ایم ایل پروفیشنل ونگ کے اجلا س سے خطاب کررہے تھے ۔

چودھری محمدالطاف شاہد نے مزید کہا کہ پرویز مشرف کیخلاف درج مقدمات انتظامی نہیں انتقامی نوعیت کے ہیں۔پرویز مشرف کے ساتھ میاں نوازشریف کاانتقامی رویہ سب پرآشکار ہوچکا ہے ۔انہوں نے کہاکہ منتقم مزاج حکمران پرویز مشرف کو کسی ترنوالے کی طرح نہیں نگل سکتے ۔جھرلو کے بل پراقتدارمیں آنیوالے حکمرانوں کاجھوٹ اورجبر پرویز مشرف کو پاکستان کی بقاء اورپاکستانیوں کی بہبودکیلئے قومی کرداراداکرنے سے نہیں روک سکتا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سچے اورنڈر سپہ سالار پرویز مشرف کیخلاف بوگس ایف آئی آر میں سے غداری کالفظ فوری طورپرحذف کیا جائے کیونکہ اس سے غیورپاکستانیوں کے جذبات بری طرح مجروح ہورہے ہیں ۔پرویز مشرف کوبوگس مقدمات سے مرعوب نہیں کیا جاسکتا ۔انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف انتہائی جوانمردی کے ساتھ بے بنیاد مقدمات کا سامنا کررہے ہیں وہ حکمرانوں کی طرح ملک سے فرارہونے کاتصوربھی نہیں کرسکتے ۔