بار او ربینچ کے باہمی تعاون سے انصاف کی فوری فراہمی کو یقینی بنایا جاسکتاہے،وکلاء قانون کی بالادستی قائم کرنے او رمقدمات کو جلد از جلد نمٹانے کیلئے اپنا آئینی کردار ادا کریں تو ملک سے ناانصافی کے خاتمے میں مدد مل سکتی ہے

چیف جسٹس لاہو رہائی کورٹ جسٹس مسعود جہانگیر کا ڈسٹرکٹ بار سرگودہا میں اپنے اعزاز میں تقریب سے خطاب

ہفتہ 28 نومبر 2015 19:55

سرگودہا ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 نومبر۔2015ء ) چیف جسٹس لاہو رہائی کورٹ جسٹس مسعود جہانگیر نے کہا ہے کہ بار او ربینچ کے باہمی تعاون سے انصاف کی فوری فراہمی کو یقینی بنایا جاسکتاہے ۔وکلاء قانون کی بالادستی قائم کرنے او رمقدمات کو جلد از جلد نمٹانے کیلئے اپنا آئینی کردار ادا کریں تو ملک سے ناانصافی کے خاتمے میں مدد مل سکتی ہے ۔

اس امر کا اظہار انہوں نے آج ڈسٹرکٹ بار سرگودہا میں اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جسٹس مسعود جہانگیر نے مزید کہا کہ عدلیہ ریاست کا اہم ستون ہے ۔ ہمیں فخر ہے کہ ہم اس کاحصہ ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ لوگ اپنے مسائل کے حل کیلئے ہمارے پاس آتے ہیں ہمیں چاہیے کہ سائلین کو جلد اور فوری انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ وکلاء عدالتوں میں مکمل تیاری کے ساتھ پیش ہوں ۔

عدالت میں وکلاء کو ایک دوسرے کے خلاف پیش ہونے کو ذاتی دشمنی کا رنگ دینے کی بجائے اسے اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں سمجھتے ہوئے انصاف کی فراہمی میں عدلیہ کا بھر پور ساتھ دینا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ وکلاء قانون کی بالادستی کے محافظ ہیں بار رومز جمہوری ادارے ہیں جہاں ہمیشہ آمریت او رغیر جمہوری اقدامات کی نفی کی گئی ۔ چوہدری مسعود جہانگیر نے مزید کہاکہ قائد اعظم محمد علی جناح بنیادی طو رپر وکیل تھے ۔

جنہوں نے پاکستان بنایا آج وکلاء پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم اپنے لیڈر کے پاکستان کے استحکام او رترقی کیلئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔انہوں نے کہا کہ سائلین اپنے وکلاء پر اندھا اعتماد کرتے ہیں اس لئے وکلاء کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ ان کی امانت کی حفاظت کرتے ہوئے انہیں انصاف کی فوری فراہمی کیلئے حتی المقدور کو شش کریں ۔ تقریب سے صدر بار ارشد علی ہنجرا کے علاوہ دیگر سینئر وکلاء نے بھی خطاب کیا۔

تقریب میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد عبدالناصر او رڈی سی او ثاقب منان کے علاوہ ججزصاحبان اور وکلاء نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ بعدازاں جسٹس مسعود جہانگیر نے ڈسٹرکٹ کورٹ کے لان میں پودا لگایا ۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد عبدالناصر اور دیگر ججز کے علاوہ بار ایسوسی ایشن کے عہدیدار بھی موجود تھے ۔ قبل ازیں جسٹس مسعود جہانگیر کی بار روم میں آمد پر بار ایسوسی ایشن کے عہدیداروں اور دیگر وکلاء نے ان کا زبردست خیر مقدم کیا۔