لوکل گورنمنٹ رولز آف بزنس کے خلاف لوکل کونسل ایسویشن خیبرپختونخوا کے احتجاجی تحریک کی بھرپورحمایت کا اعلان

ہفتہ 28 نومبر 2015 20:07

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 نومبر۔2015ء) صوبائی دارالحکومت کے ویلیج اور نیبرہولڈ کونسلروں نے صوبائی حکومت کی جانب سے جاری کردہ لوکل گورنمنٹ رولز آف بزنس کے خلاف لوکل کونسل ایسویشن خیبرپختونخوا کے احتجاجی تحریک کی بھرپورحمایت کا اعلان کرتے ہوئے 20دسمبر کو ایل سی اے کی کال پر ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں بھرپور شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ فیصلہ ویلیج اور نیبرہولڈ کونسلروں کی نوتشکیل شدہ تنظیم انجمن ،تحفظ حقوق کونسلران کے بخشو پُل پشاور میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں انجمن تحفظ حقوق کونسلران کے ضلع پشاور کے صدر سدرشاہ،نائب صدر آمین خان ،جنرل سیکرٹری مہناج پراچہ اور ڈپٹی جنرل سیکرٹری شعیب خان داؤدزئی پریس سیکرٹری ملک عمران مالیاتی سیکرٹری فرہادشرکت کی۔

(جاری ہے)

جبکہ لوکل کونسل ایسویشن خیبرپختونخواکے جنر ل سیکرٹری اسراراﷲ خان ایڈووکیٹ نے خصوصی شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسراراﷲ خان نے کہاکہ 20دسمبر مقامی حکومت بچاؤ تحریک کا نقطہ آغاز ہے۔صوبائی حکومت نے بلدیاتی اداروں کے منتخب کونسلروں اور ناظمین کو بے اختیار جبکہ بیروکریسی کو مقامی حکومتوں کے تمام تر اختیارات تفویض کردیئے ہیں۔

جوکہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 140Aکی سنگین خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت کو اختیار نہیں کہ وہ آئین پاکستان اور لوکل گورنمنٹ ایکٹ سے متصادم رولز آف بزنس بنائے۔اُنہوں نے کہاکہ آئین کے تحت مقامی حکومتوں کے منتخب نمائندوں کو حاصل سیاسی ،مالی اور انتظامی اختیارات کو رولز آف بزنس میں ہیراپیری کرکے نہیں چھینا جاسکتا۔اُنہوں نے اجلاس کو بتایاکہ صوبہ بھر کے منتخب بلدیاتی نمائندے اپنے آئینی اور قانونی اختیارات اور حقوق کے تحفظ کے لئے متحد ہوچکے ہیں۔

وہ20دسمبر کو پارٹی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر لوکل گورنمنٹ رولز آف بزنس اور پی این ڈی کے جانب سے جاری کردہ پالیسی گائڈلائنز کے خلاف احتجاجی تحریک میں بھرپور حصہ لینگے۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ 4دسمبر بعد نمازجمعہ 2بجے ضلع پشاور کے کونسلروں کا ایک اجلاس بخشو پُل کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہوگا۔جس میں احتجاجی تحریک کو کامیاب بنانے کے لئے منصوبہ بندی کی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :