مختلف علاقوں میں ڈاکوؤں نے شہریوں کو لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات ،ملکی و غیر ملکی کرنسی اور قیمتی سامان سے محروم کر دیا

مزاحمت پر خواتین اور بچوں کو تشدد کا نشانہ بھی بنایاگیا،ریگل چوک میں نوسر بازوں نے شہری سے پانچ لاکھ کے پرائز بانڈز ہتھیا لئے

ہفتہ 28 نومبر 2015 20:08

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 نومبر۔2015ء) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں ڈاکوؤں نے شہریوں کو لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات ،ملکی و غیر ملکی کرنسی اور قیمتی سامان سے محروم کر دیا ،ریگل چوک میں نوسر بازوں نے شہری سے پانچ لاکھ روپے کے پرائز بانڈز ہتھیا لئے ۔تفصیلات کے مطابق سبزہ زار بی بلاک میں چار ڈاکوؤں نے اہل خانہ کو یر غمال بنا کر سعودیہ پلٹ منظور کے گھر کا صفایا کر دیا ۔

واردات کے دوران ڈاکو گھر سے 35تولے طلائی زیورات ،18ہزار سعودی ریال اور تین لاکھ روپے پاکستانی کرنسی لوٹنے کے بعد اہل خانہ کو ایک کمرے میں بند کر کے فرار ہو گئے ۔ایک اور واردات میں کھوکھر روڈ بادامی باغ میں پانچ ڈاکو مرزا امتیاز بیگ کے گھر داخل ہو گئے اور خواتین اور بچوں کو اسلحہ کے زو ر پریرغمال بنا کر 30تولے طلائی زیورات ، 15لاکھ روپے نقدی اور قیمتی سامان لوٹ لیا ۔

(جاری ہے)

مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے خواتین اور بچوں کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا ۔ واردات کے بعد ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی او ر ڈاکوؤں کی تلاش کے لئے ناکہ بندی کر لی گئی۔ ریگل چوک میں نوسر بازوں نے جمیل نامی شہری سے پانچ لاکھ روپے کے بانڈز ہتھیا لئے اور فرار ہو گئے ۔ پولیس نے درخواست پر کارروائی کا آغاز کردیا ۔

متعلقہ عنوان :