قومی ترقی کا پہیہ صنعت سے جڑا ہوا ہے ،حکومت ملک میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کو ہر ممکن یقینی بنائیگی‘ گورنر پنجاب

پاکستان کی ایکسپورٹ جتنی مضبوط ہوگی پاکستان خوشحال ہوگا،اعلی تعلیم کے فروغ کے لیے زیادہ سے زیادہ وسائل اور فنڈ ز کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں ‘ ملک محمد رفیق رجوانہ

ہفتہ 28 نومبر 2015 21:15

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 نومبر۔2015ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ قومی ترقی کا پہیہ صنعت سے جڑا ہوا ہے اور موجود حکومت ملک میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کو ہر ممکن یقینی بنائے گی،پاکستان کی ایکسپورٹ جتنی مضبوط ہوگی پاکستان خوشحال ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے 36رُکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے صدر محمد ادریس کی قیادت میں ان سے ملاقات کی ۔

ملاقات میں یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چیئر مین افتخار ملک بھی موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ توانائی کے بحران سے پیدا ہونے والی مشکلات کے ازالے کے لئے انرجی شعبے میں میگاپراجیکٹس شروع گئے ہیں جس سے صنعتی شعبے کی رونقیں بحال ہو جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چائینہ راہ داری منصوبے سے نہ صرف پاکستان کو بلکہ پورے خطے کو فائدہ حاصل ہوگا۔ پاکستان کی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے اور بیرونی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی لے رہے ہیں جو کہ خوش آئند بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں تاجر برادری کا کردار لائق تحسین ہے جو تمام تر مشکلات کے باوجود ملکی معیشت کا پہیہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس موقع پر تاجر نمائندوں نے ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کے حوالے سے پیش آنیوالی مشکلات کے بارے میں گورنر پنجاب کو بتایا۔ گورنر پنجاب نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت ان کے مسائل کو حل کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائے گی۔

قبل ازیں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے ایف سی کالج فار من چارٹر ڈ یونیورسٹی کے2015کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہے ، مہذب معاشرہ تب تشکیل پاتا ہے جب قوم تعلیم یافتہ ہو‘ تعلیم کے شعبہ میں سرمایہ کاری کر کے ہم اپنی نئی نسل کو تابناک مستقبل کی ضمانت دے سکتے ہیں ، تاریخ کے اوراق میں وہی اقوام زندہ ہیں جنہوں نے صرف تعلیم و تحقیق کو اپنا مقصد بنایا ۔

انہوں نے کہا کہ وہ قومیں اور معاشرے کبھی زوال پذیر نہیں ہوتے جہاں تعلیم کو بنیادی حیثیت حاصل ہے ، تعلیم کا مقصد علم سے آگہی ہے ۔محض تعلیم حاصل کرنا ضروری نہیں جتنا لازمی‘ تعلیم سے آگہی اور اس کی روح کو سمجھنا ہے ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل بلاشبہ بے پناہ صلاحیتوں اور خوبیوں سے آراستہ ہے ۔ہمارا یہ فرض ہے کہ ہم اپنی نئی نسل کو اپنے عظیم اکابر کے افکار و خیالات سے زیادہ سے زیادہ روشناس کراتے ہوئے ایک ایسی متحرک نسل کا احیاء کریں جو قومی اور ملی جذبے سے سرشار ہو ۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ قومیں وہی دنیا میں کامیابی و کامرانی سر سرخرو ہوتی ہیں جو ماضی کی شاندار روایات کو ساتھ رکھتے ہوئے جدید خطو ط پر استوار ہوتی ہیں جو ماضی سے روشناس ، حال سے باخبر اور مستقبل سے پُرامید ہوتی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اعلی تعلیم کے فروغ کے لیے زیادہ سے زیادہ وسائل اور فنڈ ز کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں ۔

گورنر پنجاب نے کہاکہ آپ ملک کی جس عظیم درسگاہ سے گریجوایٹس ہو کر زندگی کے میدان میں آ رہے ہیں وہ کسی عزت و فخر سے کم نہیں لیکن ایک بات یاد رکھیے کہ یہ اس عظیم منزل کے سفر کا پہلا قدم ہے جو آپ کے سامنے کھڑی ہے ۔میں اس موقع پر کامیاب ہونے والے گریجوایٹس کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور میں ان کے والدین کو ان کی کامیابی پر خراج تحسین پیش کرتا ہو ں اور برملا اس بات کا اظہار کرتا ہوں کہ وہ ان پر جتنا فخر کریں کم ہے۔

اس موقع پر ریکٹر ایف سی چارٹرڈ یونیورسٹی ڈاکٹر جیمز اے ٹیبی نے اپنی افتتاحی تقریر سے خطاب کرتے ہوئے کہا یونیورسٹی میں تعلیم و تحقیق پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جس سے سٹوڈنٹس نے ہر شعبے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں-اس موقع پر گورنر پنجاب نے نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلباء وطالبات میں اسناد اور میڈلز بھی تقسیم کیے ۔