خیبرپختونخواحکومت صوبے کے نو اضلاع میں تقریباً دو سو ہائی اور ہائیر سیکنڈری سکولوں کو دوبارہ تعمیر کرے گی

ہفتہ 28 نومبر 2015 21:15

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 نومبر۔2015ء)حکومت خیبر پختونخوا صوبے کے نو اضلاع میں تقریباً دو سو ہائی اور ہائیر سیکنڈری سکولوں کو دوبارہ تعمیر کرے گی۔یہ دوبارہ تعمیر زلزلہ سے متاثرہ سکولوں یا جن سکولوں کو ایک جامع پروگرام کے تحت بنیادی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں یا پورے صوبے میں سینکڑوں سکولوں کی دوبارہ تعمیرکے علاوہ ہے۔

اس بات کا انکشاف اسلام آباد میں منعقدہ ایک اجلاس میں کیا گیا جہاں یو کے ڈیپارٹمنٹ فارانٹر نیشنل ڈویلپمنٹ(DFID)نے خیبر پختونخوا کے وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم محمد عاطف کے ہمراہ سکیم کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں دوسروں کے علاوہ سیکرٹری تعلیم علی رضا بٹ اورایڈیشنل سیکرٹری تعلیم قیصر عالم بھی موجود تھے۔اجلاس میں ان سکولوں کی دوبارہ تعمیر پر آنے والے اخراجات کا جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ حالیہ زلزلہ سے تباہ شدہ سکولوں کی از سر نو تعمیر اس سکیم کے تحت ہونے والے دوبارہ تعمیر کے سکولوں کے علاوہ ہو گی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ان سکولوں کی دوبارہ تعمیر کے کام کی پیش رفت اور طلباء کی تعلیم کی متاثر نہ ہونے سے متعلق بھی فیصلے کئے گئے۔اجلاس میں ان دوبارہ تعمیر ہونے والے سکولوں کے معیار کے مختلف پہلووں کو حتمی شکل دی گئی۔ اجلاس کے شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ حالیہ زلزلہ سے تباہ شدہ سکولوں کیلئے ایک مناسب رپورٹ اور لائحہ عمل تشکیل دیا جا رہا ہے جس کے بعد ضروری سکیمیں شروع کی جائیں گی۔ڈی ایف آئی ڈی کے نمائندوں نے صوبائی وزیر محمد عاطف کو یقین دلایا کہ وہ اس سلسلے میں حکومت خیبر پختونخوا کی بھر پور معاونت کریں گے ۔