وزیر اعلیٰ سندھ کی تبدیل شدہ کابینہ کے ارکان کوصوبے کے عوام کی بلاامتیاز خدمت کی ہدایت

کراچی کو ایک صاف و شفاف شہر دیکھنا چاہتے ہیں اس مقصد کے لئے جنگی بنیادوں پر کام کیا جائے، وزیراعلیٰ کی وزیربلدیات کو ہدایت

ہفتہ 28 نومبر 2015 21:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 نومبر۔2015ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے اپنی تبدیل شدہ کابینہ کے ارکان کوصوبے کے عوام کی بلاامتیاز خدمت کا ہدف دیتے ہوئے ان سے کہا ہے کہ وہ لوگوں کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں اور ہر تین ماہ بعد ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔انہوں نے یہ بات ہفتہ کو تبدیل شدہ کابینہ کے ارکان سے چیف منسٹر ہاؤس میں ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وزیر اعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں وزیر تعلیم و پارلیمانی امور نثار احمد کھوڑو،وزیر بلدیات جام خان شورو، وزیر خوراک سید ناصر حسین شاہ،مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو اور مشیر سماجی بہبود ضیا الحسن لنجار شامل تھے۔وزیر اعلیٰ نے جام خان شورو کو نئی وزارت ملنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں ہر کوئی وزارت بلدیات کی کارکردگی کے حوالے سے چیخ و پکار میں مصروف ہے ایسی صورت میں آپ پر بھاری ذمہ داری آگئی ہے جس سے عہدہ برا ہونے کے لئے دن و رات کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ لوگوں کو ریلیف مل سکے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے وزیر بلدیات سے کہا کہ وہ کراچی کو ایک صاف و شفاف شہر دیکھنا چاہتے ہیں اس مقصد کے لئے جنگی بنیادوں پر کام کیا جائے۔وزیر اعلیٰ سندھ نے سید ناصر حسین شاہ سے کہا کہ وزارت خوارک کا قلمدان بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے جہاں بے پناہ ایسے معاملات ہیں جو حل طلب ہیں انہوں نے کہا کہ 700,000 ٹن گندم سرکاری گوداموں میں پڑی ہے اس لئے آپ کی یہ کوشش ہونی چاہیئے کہ اسے کسی طرح برآمد کیا جائے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے مولا بخش چانڈیو کی سندھ کابینہ میں شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اب آپ ہماری چھتری تلے ہوں گے اور آپ کی حیثیت سندھ حکومت کی آواز کی طرح ہوگی اس لئے یہ توقع کی جاتی ہے کہ نئے مشیر اطلاعات حکومت اور میڈیا کے درمیان بہتر تعلقات کے لئے کام کریں گے۔ سید قائم علی شاہ نے صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑوکی پارٹی اور حکومت سندھ کے لئے خدمات کو سراہاتے ہوئے کہا کہ انہیں جب بھی کوئی ذمہ داری تفویض کی گئی انہوں نے پوری فرض شناسی سے کام کیا امید ہے کہ وہ وزیر پارلیمانی امور کی حیثیت سے بھی اپنے فرائض خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دیں گے۔

کابینہ کے وزراء نے سندھ کابینہ میں اپنی شمولیت اور نئی ذمہ داریاں تفویض کرنے پر پارٹی قیادت اور وزیر اعلیٰ سندھ کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہارکیا کہ پارٹی قیادت نے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ اس پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔

متعلقہ عنوان :