Live Updates

عمران خان اور سنیٹر سراج الحق کا بلدیاتی انتخابی مہم کے سلسلے میں کراچی پہنچنے پر شاندار استقبال

ہفتہ 28 نومبر 2015 21:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 نومبر۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور جماعت اسلامی کے امیر سنیٹر سراج الحق بلدیاتی انتخابی مہم کے سلسلے میں ہفتہ کو کراچی پہنچ گئے ۔دونوں رہنماؤں کی کراچی آمد کے موقع پر پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا،اس موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری بھی تعینات تھی ۔

بغیراجازت ریلی نکالنے کی صورت میں دونوں جماعتوں کے خلاف مقدمہ درج کئے جانے کا امکان ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق کراچی میں انتخابی مہم کے سلسلے ہفتہ کو کراچی پہنچے توکراچی ایئرپورٹ پر دونوں جماعتوں کے کارکنوں نے عمران خان اور سینیٹر سراج الحق کا والہانہ استقبال کیا ۔

(جاری ہے)

عمران خان کے ہمراہ تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا ،عمران اسماعیل اور دیگر بھی موجود تھے ۔دونوں رہنماؤں کے استقبال کے لیے سیکڑوں گاڑیاں اور ٹرک موجود تھے جن پر بڑے اسپیکر لگائے گئے تھے اور پارٹی ترانے بجائے جارہے تھے ۔کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی تھی ۔دوسری جانب بغیراجازت ریلی نکالنے کی صورت میں دونوں جماعتوں کے خلاف مقدمہ درج کئے جانے کا امکان ہے جب کہ کمشنرکراچی شعیب احمد صدیقی کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی اور تحریک انصاف نے ریلی سے متعلق آگاہ کیا گیا تھا لیکن باضابطہ اجازت نہیں مانگی گئی اور ریلی نکالنے سے تو شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کرانے کی ہدایت کررکھی ہے ،جس کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی۔ تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل نے کہا کہ کمشنرکراچی کو ریلی سے متعلق تحریری درخواست دی تھی لیکن جواب نہیں دیا گیا،اجازت دینا ہو تو درخواست پر چپ رہا جاتا ہے اوراگراجازت نہ دینا ہو تو فورا جواب آجاتا ہے اس لئے خاموشی کو ہاں سمجھ لیا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات