چیئرمین کوالٹی کنٹرول ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کافیض آبادمیں فارمیسی پر چھاپہ

ہفتہ 28 نومبر 2015 21:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 نومبر۔2015ء) چیئرمین کوالٹی کنٹرول ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے ڈرگ انسپکٹر راولپنڈی کے ہمراہ نیو اکبر فارمیسی فیض آباد راولپنڈی پر چھاپہ مارا۔تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو کوالٹی کنٹرول ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو باوثوق ذرائع سے اطلاع ملی کہ ڈاکٹر رضا فارما پشاور مہنگے داموں دوائیاں فروخت کر رہی ہے، کمپنی دوائی کے ایک پیکٹ پر 80روپے زیادہ وصول کر رہی ہے حالانکہ گورنمنٹ نے دوائیوں کے نرخ مقرر کر رکھے ہیں۔

چیئرمین کوالٹی کنٹرول ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے کہا ہے کہ گورنمنٹ نے دوائیوں کے نرخ مقرر کر رکھے ہیں، مقررہ نرخ سے زائد قیمت پر دوائی فروخت کرنا 1976ء منشیات ایکٹ کی خلاف ورزی ہے۔ وفاقی حکومت ہر قیمت پر غیر رجسٹرڈ ادویات کے خاتمے کیلئے مصروف عمل ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین کوالٹی کنٹرول ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے کہا کہ ڈرگ ایکٹ 1976ء کی خلاف ورزی کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، گورنمنٹ نے بیمار کمیونٹی کیلئے سستی قیمتوں پر معیاری اور محفوظ ادویات فراہم کرنے کا عزم کر رکھا ہے،1976ء منشیات ایکٹ سیکشن 27,23 اور 30کے تحت مہنگے نرخوں دوائی فروخت کرنے والی کمپنیوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ادویات کے نمونے تجزیے کیلئے لیبارٹری کو بھیج دیئے گئے ہیں۔