بلدیاتی انتخابات میں ضروری ہے خواتین بہتر قیادت کو منتخب کرنے میں مددگارثابت ہوں ، سید ظفر علی شاہ

مسلم لیگ (ن)نے خواتین کے لیے بہترین سیاسی پلیٹ فارم فراہم کیا ہے ، خواتین اپنی آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے دیانتدار اور باعمل لوگوں کو آگے لانے میں مدد فراہم کر سکتی ہیں ،امیدوار برائے چیئرمین مسلم لیگ (ن) یونین کونسل 30

ہفتہ 28 نومبر 2015 22:01

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 نومبر۔2015ء) خواتین کا معاشرے میں ایک اہم کردار ہے اسی طرح بلدیاتی انتخابات میں ضروری ہے کہ خواتین بلدیاتی سیاست میں بھی اپنے اس کردار کو استعمال کرتے ہوئے بہتر قیادت کو منتخب کرنے میں مددگارثابت ہوں ،پاکستان مسلم لیگ (ن)نے خواتین کے لیے بہترین سیاسی پلیٹ فارم فراہم کیا ہے جسکی وجہ سے پاکستانی معاشرے کی خواتین اپنی آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے دیانتدار اور باعمل لوگوں کو آگے لانے میں مدد فراہم کر سکتی ہیں ،ان خیالات کااظہار پاکستان مسلم لیگ (ن) یونین کونسل 30کے نامزد امیدواربرائے چیئرمین سید ظفر علی شاہ ،وائس چیئرمین راجہ عبدالوحید ،مسلم لیگ(ن) شعبہ خواتین کی صدرنصرت قادر،مسز سلیقہ اورنگزیب،مسز سید ظفر علی شاہ و دیگر نے جی سیون یونین کونسل 30کی خواتین کارنر میٹنگ سے خطاب کر تے ہوئے کیا ،کارنر میٹنگ میں خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی ،مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) وہ واحد جماعت ہے جس نے خواتین کو سیاست میں آنے کا بھرپور موقع فراہم کیا ،ہماری کوشش ہو گی کہ کامیابی کے بعد خواتین کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کریں اور خواتین کے لیے باعزت اور محفوظ روزگاردلوانے میں اپناکردارادا کریں ،ہم یوسی 30میں خواتین کے لیے سلائی سنٹر ،دینی درستگاہیں قائم کرنے کے علاوہ تعلیمی اور علاج معالجے کے لیے بہتر ادارے فراہم کرنا چاہتے ہیں ،یوسی 30میں تعلیم حاصل کرنے والی بچیوں کے لیے مقامی سطح پر انہی کے سکولوں کو اپ گریڈ کر کے کالج کا درجہ دلوانا چاہتے ہیں ،یوسی 30کی عوام کے مکانوں اور بچوں کے کھیلنے کے میدانوں سمیت گیس کی فراہمی میں پریشر کی کمی کو دور کرنے سمیت پانی و اسٹریٹ لائیٹ کے مسائل کو اپنے تیارکردہ پلان کے مطابق مقررہ مدت میں اپنے منشور کے مطابق پوراکرکے اپنے وعدوں کو عملی جامہ پہنائیں گے ،انھوں نے کہا کہ ہم اپنی ماؤں بہنوں سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ اسلام آباد کی تاریخ میں ہونے والے پہلے بلدیاتی انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ(ن) اور انکے نامزد کردہ نمائندگان کو اپنے ووٹ کی طاقت سے بھرپور طریقے سے کامیاب کریں گی ۔

۔راجہ کاشف