بھارتی وزیر داخلہ نے بھی پاک بھارت کرکٹ سیریزکی مخالفت کر دی

بھارتی عوام کے جذبات پاکستان کے ساتھ میچوں کے مخالف ہیں، موجودہ حالات میں سیریزنہیں کھیلی جاسکتی، راج ناتھ سنگھ

ہفتہ 28 نومبر 2015 22:26

بھارتی وزیر داخلہ نے بھی پاک بھارت کرکٹ سیریزکی مخالفت کر دی

نئی دہلی( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 نومبر۔2015ء) بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے پاک بھارت کرکٹ سیریزکی مخالفت کر تے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی عوام کے جذبات پاکستان کے ساتھ میچوں کے مخالف ہیں اس لیے موجودہ حالات میں سیریزنہیں کھیلی جاسکتی۔بھارتی میڈیا کے مطابق انتہا پسند تنظیم شیو سینا کے بعد وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے بھی پاک بھارت سیریزکی مخالفت کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی عوام کے جذبات پاک بھارت میچوں کے مخالف ہیں اس لیے موجودہ حالات میں پاک بھارت سیریزنہیں کھیلی جاسکتی۔ ہندو انتہا پسند جماعت شیو سینا نے بھی مودی سرکارکو پاکستان کے ساتھ کرکٹ سیریزکی اجازت نہ دینے کا مطالبہ کیا تھا۔اس کے علاوہ انڈیا ہاکی کے سربراہ نے بھی پاک بھارت کرکٹ سیریزکی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی سی سی آئی چند پیسے کمانے کی خاطرپاکستان سے سیریزکھیلنا چاہتی ہے۔

(جاری ہے)

ایک طرف تو سرحد پرہمارے فوجی جوانوں کو مارا جارہا ہے اوردوسری جانب کرکٹ سیریز کھیلنے کی باتیں کی جارہی ہیں۔واضح رہے کہ حکومت نے باضابطہ طورپرپاکستان کرکٹ بورڈ کو پاک بھارت سیریزکی تحریری اجازت دے دی تھی جب کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے بھی سری لنکا میں سیریزکرانے کے لیے اپنی حکومت کو خط لکھا ہے جس کا ابھی تک کوئی جواب نہیں آیا۔

متعلقہ عنوان :