نئے قلمدان ملنے والے صوبائی وزراء کی وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ملاقات

ہر آدمی بلدیاتی اداروں کی کارکردگی کے خلاف باتیں کر رہا ہے اور اسلئے آپ کو دن رات محنت کرکے عوام کو درپیش مسائل حل کرنے ہونگے، وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت

ہفتہ 28 نومبر 2015 22:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 نومبر۔2015ء) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ نئے قلمدان حاصل کرنے والے صوبائی وزراء کو عوام کی بے لوث خدمت کرنے کا حدف دیا گیا ہے اورانکی کارکردگی کا جائزہ تین ماہ کے بعد لیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو نئی وزارتیں حاصل کرنے والے اراکین صوبائی کابینا سے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا،جن میں سینئر صوبائی وزیر تعلیم و پارلیامانی امور نثار احمد کھوڑو،صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو،صوبائی وزیر خوراک سید ناصر حسین شاہ،وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے اطلاعات مولابخش چانڈیو اور وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے سماجی بہبودضیاء الحسن لنجار شامل تھے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے جام خان شورو کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں مزید محنت کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ ہر آدمی بلدیاتی اداروں کی کارکردگی کے خلاف باتیں کر رہا ہے اور اس لئے آپ کو دن رات محنت کرکے عوام کو درپیش مسائل حل کرنے ہونگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے صوبائی بلدیات کو مزید کہا کہ میں کراچی شہر کو صاف ، ستھرا دیکھنا چاہتا ہوں اس لئے تمام ضروری اقدامات ہنگامی بنیادوں پر کئے جائیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ناصر حسین شاہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ خوراک ایک اہم محکمہ ہے،جس میں کئی حل طلب مسائل ہیں،گداموں میں گذشتہ سال کی سات لاکھ ٹن گندم ابھی تک موجود ہے،جس کی برآمد کیلئے آپ کو اقدامات اٹھانے ہونگے۔وزیراعلیٰ سندھ نے صوبائی مشیر اطلاعات مولابخش چانڈیو کو سندھ حکومت میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ اب آپ ہماری کابینا کا حصہ ہیں اور یہ محکمہ حکومت سندھ کی آواز ہے،میں امید کرتا ہوں کہ آپ حکومت کیلئے میڈیا میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو کی پارٹی اور حکومت کیلئے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں جو بھی ذمہ داریاں دی گئی ہیں انہوں نے خوش اصلوبی سے نبھائی ہیں اور میں امید کرتا ہوں کہ بحیثیت وزیر برائے پارلیمانی امور و ہ اپنا موثر کردار ادا کریں گے۔صوبائی وزراء نے کابینا میں نئے قلمدان دینے پر پارٹی قیادت اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ پارٹی قیادت اور وزیراعلیٰ سندھ کی امیدوں پر پورا اترنے اور عوام کی خدمت کیلئے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کریں گے۔