غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ ایک اعلیٰ معیاری تعلیمی ادارہ ہے، اسکا شمار ملک کے بہترین یونیورسٹیوں میں ہو تا ہے ،اسد قیصر

ہفتہ 28 نومبر 2015 22:34

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 نومبر۔2015ء)سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ ایک اعلیٰ معیاری تعلیمی ادارہ ہے۔ جس کا شمار ملک کے بہترین یونیورسٹیوں میں ہو تا ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ ٹوپی میں نئے سائنسی بلاک کا افتتاح کر تے ہوئے کیا۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے ریکٹر جہانگیر بشر ، ایم پی ایز شیراز خان اور ڈاکٹر حیدر علی خان کے علاوہ عمائدین علاقہ بھی موجود تھے۔

سپیکر نے انرجی سسٹم انجینئرنگ کے پروگرام کے لئے صوبائی حکومت کی جانب سے افتتاحی طور پر دس کروڑ روپے کی فراہمی کا اعلان کیا۔ یونیورسٹی ہذا کے پروفیسر ڈاکٹر زاہد ایوب نے سپیکر کو بتاتے ہوئے کہا کہ مذکورہ پروگرام کے اجراء کے لئے کورسز کا تعین کر نے کے لئے وہ امریکہ کی اعلیٰ یونیورسٹیوں سے رابطہ میں ہیں۔

(جاری ہے)

سپیکر نے یونیورسٹی حکام کے مطالبہ پر صوبائی حکومت کی جانب سے دیئے جانے والے بیس سکالر شپ کو بڑھا کر چالیس سکالر شپ کر نے کا بھی اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ ملک میں اعلیٰ تعلیم پھیلانے کا ایک بہترین ذریعہ ہے ۔اور یہاں سے فارغ التحصیل طلبہ ملک کے بہت سے شعبوں میں بہترین خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات ہمارے لئے باعث فخر ہے کہ ایک بہترین تعلیمی ادارہ ہمارے ضلع صوابی میں موجود ہے۔ انہوں نے کالج انتظامیہ کو یقین دہانی کر واتے ہوئے کہا کہ ان کے بس میں جتنا ممکن ہو سکا وہ کالج کے فلاح و بہبود کے لئے کام کرینگے۔

سپیکر نے کہا کہ ہمیں ایسا تعلیمی نظام مرتب کرنا ہو گا کہ جس کے تحت طلبہ کو تعلیمی اداروں سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد فوری روزگار میسر ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی ملک یا قوم اعلیٰ تعلیم و تربیت کے بغیر ترقی سے ہمکنار نہیں ہو سکتی۔لہٰذا ہمیں اپنے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم و تربیت کے زیور سے آراستہ کر نے کے لئے بہترین حکمت عملی اپنانا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں ۔ جس کے لئے رواں سال خطیر رقم رکھی گئی ہے انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ تعلیمی نظام کو اس قدر بہتر بنایا جائے تاکہ ہماری آئندہ نسلیں اس سے مکمل طور پر مستفید ہو سکے۔ سپیکر نے کہا کہ استاد کی عزت کی بحالی نہایت ضروری ہے ایک باعزت استاد ہی طلبہ کی بہترین تعلیمی نشوونما میں کر دار ادا کر سکتا ہے۔

اساتذہ کی فلاح و بہبود کے لئے مختلف اقدامات صوبائی حکومت کے زیر غور ہے۔ بعد ازاں یونیورسٹی حکام کی جانب سے سپیکر کو بریفنگ دی گئی ۔جس میں انہوں نے یونیورسٹی ہذا کے مختلف پروگراموں کے لئے سپیکر سے مالی معاونت کی استدعا کی سپیکر نے اس موقع پر کہا کہ یونیورسٹی کے مختلف پروگراموں اور انفر ا سٹرکچر کے لئے صوبائی حکومت اپنے وسائل کے اندر رہتے ہوئے ہر ممکن تعاون کرئے گی