کوئٹہ، شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی 42ویں برسی، 2دسمبر کے جلسہ عام کیلئے تیاریوں کا سلسلہ جاری

ہفتہ 28 نومبر 2015 23:09

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 نومبر۔2015ء) پشتونخوا وطن اور برصغیر پاک وہند کی آزادی کے قافلے کے عظیم سالار اور پشتون قومی تحریک کے رہنماء خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی شہادت کی 42ویں برسی کی مناسبت سے 2دسمبر کے صادق شہید گراؤنڈ کے جلسہ عام کی کامیابی کیلئے کوئٹہ شہر میں پارٹی کے زیراہتمام تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ اس سلسلے میں کوئٹہ کے مختلف مقامات پر پارٹی کے زیر اہتمام عوامی اجتماعات اور کارنر میٹنگ جاری ہے ۔

کچلاک میں منعقدہ عوامی اجتماع سے پارٹی کے مرکزی وصوبائی سیکرٹری صوبائی وزیر اطلاعات عبدالرحیم زیارتوال ،مرکزی سیکرٹری سابق سینیٹر عبدالرؤف خان ،صوبائی ڈپٹی سیکرٹری یوسف خان کاکڑ ،ضلعی ڈپٹی سیکرٹری فاروق وطن شاد ،کوئٹہ شار اول علاقائی یونٹ کے زیر اہتمام 2دسمبر کو خان شہید کی 42ویں برسی کے تیاریوں کے سلسلے میں باچا خان چوک پر خصوصی کیمپ کا مرکزی سیکرٹری ومےئر کوئٹہ میٹروپولیٹن ڈاکٹر کلیم اللہ خان نے افتتاح کیا ۔

(جاری ہے)

کیمپ کے شرکاء سے ڈاکٹر کلیم اللہ خان ، علاقائی سیکرٹری غنی تلوال ، اسلم خلجی جبکہ پی بی 5کے علاقوں محمود مینہ ، محمود آباد، مغل آباد ، براق سکیم کے عوامی اجتماعات سے پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے ، ضلع ڈپٹی سیکرٹری منان نصر ت ، محمد حیات ، ڈاکٹر حیات ، ڈاکٹر باقی ، ملک دین محمد آکا نے خطاب کےئے ۔

مقررین نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 2دسمبر بروز بدھ سہہ پہر2بجے صادق شہید فٹبال گراؤنڈ میں ہونیوالے عظیم الشان جلسہ عام میں بھرپور انداز میں شرکت کرے۔ جلسہ عام سے پارٹی کے چےئرمین جناب محمودخان اچکزئی اور دیگر رہنماء خطاب کرینگے۔مقررین نے کہا کہ خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی ودیگر قومی رہنماؤں اور پشتون قومی تحریک کی لازوال قربانیوں وجدوجہد کی بدولت پشتونخوا وطن اور برصغیر پاک وہند پر فرنگی استعمارکا قبضہ ختم ہوا اور خطے کے اقوام وعوام کو فرنگی سے آزادی ملی ۔

مقررین نے کہا کہ فرنگی استعماری قبضے کے خاتمے اور ملک کے قیام کے بعد اقتدار پر استعماری وآمرانہ اور جاگیردار طبقات کے قبضے اور قوموں وعوام کے حقوق واختیارات سے انکار کیخلاف خان شہید اورپشتون قومی تحریک نے ملک کے دیگر محکوم اقوام کی قومی جمہوری تحریکوں کے ساتھ ملکر جدوجہد وقربانیاں کی اورجمہوریت اور جمہور کی حکمرانی کے تحریکوں میں خان شہید اور پارٹی کے چےئرمین محمود خان اچکزئی اور پشتونخوامیپ نے اہم رول ادا کیا ۔

ملک میں متفقہ آئین کے بننے میں رکاوٹیں ، ون یونٹ کا نام نہاد نظام ، ملک کے اقتدار پر آمرانہ قوتوں کے قبضے کیخلاف جمہوریت کی بحالی ، قوموں کی برابری ، عوام کے جمہوری حقوق واختیارات کے حصول کیلئے مسلسل قربانیاں دی ملک میں جاری جمہوریت ، خان شہید ، پشتونخوامیپ اور ملک کی دیگر قومی جمہوری پارٹیوں اور تحریکوں کی مرہون منت ہے ۔ مقررین نے کہا کہ خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کے جمہوری ترقی پسند اور روشن فکر نظریات وافکار اور ان کی قومی وطبقاتی جدوجہد پشتون قومی تحریک اور محکوم اقوام وعوام کی قومی ، سیاسی وجمہوری تحریکوں کیلئے مشعل راہ ہے جس پر کاربند ہوکر سیاسی جدوجہد کے ذریعے بالادستی ،قومی نابرابری ،استحصال اور ظلم وجبر سے نجات حاصل کرکے قومی برابری ،جمہوریت ،سماجی انصاف اور امن وترقی کے قیام کی جدوجہد کو کامیابی سے ہمکنار کیا جاسکتا ہے ۔

پشتونخوامیپ نے خان شہید کی نظریات وافکار کو مشعل راہ بناتے ہوئے طویل جدوجہد وقربانیوں کے ذریعے پشتونخوا وطن کی نمائندہ قومی اور ملک کی اہم جمہوری سیاسی پارٹی کا مقام حاصل کیا ہے۔مقررین نے کہا کہ پشتونخوامیپ2دسمبر بروز بدھ کو عظیم الشان جلسہ منعقد کرکے شہید رہنماء کو ان کی لازوال قربانیوں اور جدوجہد پر زبردست خراج عقید ت پیش کریگی اس سلسلے میں پارٹی کارکنوں کو تاکید کی جاتی ہے کہ وہ عظیم الشان جلسہ کی کامیابی کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں اور جمہوریت پسند، قوم اور وطن دوست عوام اور ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ جلسہ عام میں بھرپور انداز میں شرکت کرکے اپنی جمہوریت پسندی ، وطنی دوستی کا ثبوت دینگے