کیمرون میں دو خواتین خودکش بمباروں کے حملے، کم ازکم پانچ افراد ہلاک، 12 زخمی

خودکش حملہ آور خواتین کا تعلق نائجیریا سے تھا جو پناہ گزینوں کے طور پر کیمرون آئی تھیں،رپورٹ

اتوار 29 نومبر 2015 12:54

یواندے(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 نومبر۔2015ء) افریقی ملک کیمرون میں دو خواتین خودکش بمباروں کی جانب سے کیے جانے والے حملوں میں کم ازکم پانچ افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے ہیں۔ اتوار کو شمالی کیمرون کے قریب واقع دیہات میں دو خاتون خودکش حملہ آوروں نے ایک خاندان اور ایک مقامی دکان کو نشانہ بنایا۔حکام کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور خواتین کا تعلق نائجیریا سے تھا جو پناہ گزینوں کے طور پر کیمرون آئی تھیں۔

گورنر کے حوالے سے بتایاگیا ہے کہ حملے مقامی وقت کے مطابق شام چھ بجے کیے گئے۔پہلے حملے میں ایک خاتون نے ایک گھر کے اندر حملہ کیا جبکہ دوسری حملہ آور نے ایک ویلڈنگ کی دکان کے قریب خود کو اڑایا۔ ایک ہفتے قبل چار خاتون خودکش حملہ آورں نے اسی علاقے میں فوتوکول کے مقام کے قریب حملے کیے تھے جن میں کم ازکم پانچ افراد ہلاک ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ جس علاقے میں یہ حملے ہوئے ہیں وہ نائجیریا کی سرحد کے قریب واقعہ ہے۔

تاحال کسی بھی گروہ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔بوکو حرام نے مزید حملوں کی دھمکی دی تھی اور اس سے قبل نائجیریا میں شیعہ مسلمانوں کے جلوس پر کیے جانے والے خودکش حملے کی ذمہ داری بھی قبول کی تھی۔ اس حملے میں 22 افراد ہلاک ہوئے تھے۔خیال رہے کہ چھ سال سے جاری کارروائیوں میں بوکو حرام نے کم ازکم 20 ہزار افراد کو ہلاک کیا ہے۔ اس گروہ کو دیگر انتہاپسند گروہوں کی جانب سے بھی تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔رواں سال مارچ میں بوکو حرام نے نام نہاد شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔