شمالی کیمرون میں 2 خود کش دھماکے، 7افراد ہلاک

بوکو حرام سے تعلق رکھنے والی دو خود کش بمبار خواتین نے دبانگا نامی گاؤں میں خود کو دھماکے سے اڑا لیا

اتوار 29 نومبر 2015 13:43

شمالی کیمرون میں 2 خود کش دھماکے، 7افراد ہلاک

یاؤندے(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 نومبر۔2015ء )شمالی کیمرون میں دو خود کش حملوں کے نتیجے میں دو خود کش بمبار خواتین سمیت 7 افراد ہلاک ہو گئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق کیمرون کے سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ نائیجریا سے تعلق رکھنے والی شدت پسند تنظیم بوکو حرام سے تعلق رکھنے والی دو خود کش بمبار خواتین نے شمالی علاقے کے گاؤں دبانگا میں خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

جس کے باعث دونوں خواتین سمیت 7 افراد ہلاک ہو گئے۔ حکام کے مطابق ہلاک افراد میں ایک خاتون اور اس کے بچے بھی شامل ہیں۔ کیمرون کے8700سیکورٹی اہلکار بوکو حرام کو شکست دینے کے لیے لڑائی میں شامل ہیں۔گورنرکا کہنا ہے کہ حملے مقامی وقت کے مطابق شام چھ بجے کیے گئے۔پہلے حملے میں ایک خاتون نے ایک گھر کے اندر حملہ کیا جبکہ دوسری حملہ آور نے ایک ویلڈنگ کی دکان کے قریب خود کو اڑایا۔

(جاری ہے)

ایک ہفتے قبل چار خاتون خودکش حملہ آورں نے اسی علاقے میں فوتوکول کے مقام کے قریب حملے کیے تھے جن میں کم ازکم پانچ افراد ہلاک ہوئے تھے۔خیال رہے کہ جس علاقے میں یہ حملے ہوئے ہیں وہ نائجیریا کی سرحد کے قریب واقعہ ہے۔ تاحال کسی بھی گروہ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔بوکو حرام نے مزید حملوں کی دھمکی دی تھی اور اس سے قبل نائجیریا میں شیعہ مسلمانوں کے جلوس پر کیے جانے والے خودکش حملے کی ذمہ داری بھی قبول کی تھی۔

اس حملے میں 22 افراد ہلاک ہوئے تھے۔خیال رہے کہ چھ سال سے جاری کارروائیوں میں بوکو حرام نے کم ازکم 20 ہزار افراد کو ہلاک کیا ہے۔ اس گروہ کو دیگر انتہاپسند گروہوں کی جانب سے بھی تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔رواں سال مارچ میں بوکو حرام نے نام نہاد شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔