ہندوستان ہاکی کے سربراہ نے پاکستان کے ساتھ کرکٹ کی بحالی کی کوششوں کی مخالفت کردی

اتوار 29 نومبر 2015 15:17

ہندوستان ہاکی کے سربراہ نے پاکستان کے ساتھ کرکٹ کی بحالی کی کوششوں ..

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔29 نومبر۔2015ء) ہندوستان ہاکی کے سربراہ نریندرا باترا ہندوستانی کرکٹ بورڑ(بی سی سی آئی)کی پاکستان کے ساتھ کرکٹ سیریز کی بحالی کی کوششوں کی مخالفت کردی۔دبئی میں ہونے والے فیصلے کے بعد بی سی سی آئی کو پاکستان کے ساتھ سری لنکا میں کرکٹ کھیلنے کے لیے اپنی حکومت کے جواب کا انتظار ہے۔ہندوستانی ہاکی کے سربراہ سے قبل بی سی سی آئی کے سیکرٹری انوراگ ٹھاکر نے بھی اسی طرح کے جذبات کااظہار کیا تھا کہ جب تک سرحد پر حالات ٹھیک نہیں ہوتے دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ تعلقات بحال نہیں ہوسکتے۔

ہندوستانی نشریاتی ادارے کے مطابق نریندرا باترا کا کہنا ہے کہ"ایک ہفتہ قبل ہی ہماری فوج کے ایک افسر مارا گیا اور بی سی سی آئی چاہتی ہے کہ پاکستان کے ساتھ کرکٹ کھیلیں، میں بورڑ کے موقف بدلنے پر حیران ہوں، بی سی سی اب بالکل مختلف سوچ رہی ہے جو کہ رواں سال جولائی میں انوراگ ٹھاکر نے پاکستان کے ساتھ کرکٹ بحالی کو مسترد کردیا تھا، اب ششانک منوہر کی سربراہی میں نئی قیادت نے دلوں کو تبدیل کرنے کی ٹھانی ہے"۔

(جاری ہے)

باترا نے الزام لگایا کہ بی سی سی آئی مالی مفاد کو ملک کے عوام کے جذبات پرترجیح دے رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ" ہم سب جانتے ہیں کہ بی سی سی آئی کی نسبت ہندوستان کی ہاکی کو پیسوں کی زیادہ ضرورت ہے لیکن ہم 2012 میں پاکستان کے ساتھ ہاکی کھیلنے کے معاہدے کو سرحد پر ہونے والے واقعات کے باعث رد کرچکے ہیں، اب بی سی سی آئی معاہدے کی پاسداری کی بات کرررہا ہے"۔

باترا کا کہنا تھا کہ 'میرا ان کو مشورہ ہوگا کہ اگرانھیں مالی پریشانی ہے تو ریاستی اداروں کو ادائیگیوں میں کمی کریں'۔باترا نے اسی طرح کے جذبات کا اظہار سماجی ذرائع ابلاغ میں بھی کیا۔نریندرا باترا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جب تک پاکستان اور ہندوستان کے درمیان حالات معمول پر نہیں آتے تب تک ایک دوسرے کے ساتھ ہاکی نہیں کھیلیں گے۔باترا نے مزید کہا کہ "مجھے پوری امید ہے کہ بی سی سی آئی پاکستان کے ساتھ سری لنکا میں دو طرفہ سیریز منسوخ کرے گا، مجھے معلوم ہے کچھ لوگ یہ کہیں گے کہ کھیل اور سیاست کو نہیں ملانا چاہیے لیکن پاکستان کے معاملے میں ایسا نہیں ہے"۔

متعلقہ عنوان :