امریکہ میں تیز رفتار بس کی ٹکر سے پاکستانی خاتون جاں بحق

اتوار 29 نومبر 2015 16:18

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 نومبر۔2015ء ) امریکہ میں تیز رفتار بس کی ٹکر سے پاکستانی خاتون جاں بحق ہوگئی ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اوشن ایونیو، بروکلین پر ایونیو جے سے کے کی جانب جاتے ہوئے ایکسپریس بس کی ٹکر سے6 بچوں کی ماں جاں بحق ہوگئی۔ 41 سالہ رخسانہ خان اوشن ایونیو پر اپنی بلڈنگ سے نکل کر سامنے والی عمارت سے قرآن مجید کی تلاوت کے لئے جانے والے اپنے نو سالہ بچے کو لے جانے جا رہی تھی۔

اس نے اوشن ایونیو پر آدھی سڑک کو عبور کیا اور درمیان میں ٹریفک کی وجہ سے رک گئی اور گاڑیوں کے جانے کا انتظار کرنے لگ گئی۔ اس دوران نیویارک سٹی سے آنیوالی تیز رفتار ایم ون بس جو کہ ایونیو جے سے آرہی تھی، نے مبینہ طور پر ایونیو کے پر بائیں مڑنے والی لین سے پہلے ہی بائیں جانب رخ موڑا اور تیز رفتاری اور عجلت کے دوران سڑک کے درمیان میں (نان ٹریفک زون میں) کھڑی رخسانہ خان کو ٹکر ماری جس سے وہ شدید زخمی ہو گئیں۔

(جاری ہے)

جائے حادثے کے قریب موجود مقامی شخص نے فوری طور پر پولیس اور ایمبولنس کو کال کی جو کہ جائے حادثے پر پہنچی اور انہوں نے زخمی خاتون کو ابتدائی طبی امداد دی اور کنگز ہائی وے پر واقع قریبی ہسپتال میں لے گئے لیکن ہسپتال حکام کے مطابق رخسانہ خان ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ رخسانہ خان کے شوہر فیاض خان، جن کا تعلق خیبر پختونخوا کے علاقے چار سدہ سے ہے، کا کہنا ہے کہ بس ڈرائیور کی تیز رفتاری، عجلت میں مقررہ لائن سے پہلے تبدیلی کی وجہ سے ان کی اہلیہ حادثے کا شکار ہوئی جو کہ جان لیوا ثابت ہوا۔

متعلقہ عنوان :