متحدہ عرب امارات اورسوڈان کا خطے میں امن استحکام کیلئے مل کرکوششیں کرنے اور باہمی تعاون کو تمام شعبوں میں فروغ دینے پراتفاق

یمن میں جلد از جلد قیام امن کے خواہاں ہیں،خرطوم یمن کی آئینی حکومت کی حمایت جاری رکھے گی،سوڈانی صدر

اتوار 29 نومبر 2015 16:20

ابوظہبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 نومبر۔2015ء ) سوڈان کے صدر محمد عمر البشیر متحدہ عرب امارات کے سرکارے دورے پر ابو ظہبی پہنچے ہیں جہاں انہوں نے اماراتی قیادت سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات اور اہم علاقائی اور عالمی امور پرتبادلہ خیال کیا گیا ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سوڈانی صدر عمرالبشیر ایک حکومتی وفد کے ہمراہ سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی پہنچے تھے جہاں 'یو اے ای' کی قیادت نے ان کا استقبال کیا۔

بعد ازاں صدر عمر البشیر اور متحدہ عرب امارات کے ولی عہد الشیخ محمد بن زاید آل نھیان سے طویل ملاقات ہوئی۔ دونوں رہ نماؤں کے درمیان باہمی دلچسپی کیامور پرتبادلہ خیال کے دوران دو طرفہ اقتصادی تعاون بڑھانے سمیت دیگر اہم موضوعات پربھی بات چیت کی گئی۔

(جاری ہے)

سوڈانی صدر اور اماراتی ولی عہد کے درمیان گفتگو میں علاقائی تنازعات بھی بحث آئے۔ دونوں رہ نماؤں نے خطے میں امن استحکام کے لیے مل کر آگے بڑھنے اور باہمی تعاون کو تمام شعبوں میں فروغ دینے سے اتفاق کیا۔

ملاقات میں یمن میں سعودی عرب کی قیادت میں جاری آپریشن 'فیصلہ کن طوفان' اور 'بحالی امید' کے بارے میں بھی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر سوڈانی صدر نے کہا کہ ان کا ملک یمن میں جلد از جلد قیام امن کا خواہاں ہے اورخرطوم، یمن کی آئینی حکومت کی حمایت جاری رکھے گی۔اس موقع پر اماراتی ولی عہد نے سوڈان کی جانب سے یمن میں امن استحکام کے لیے اپنے فوجی ستے مہیا کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور خرطوم کی یمن کے حوالے سے مساعی کی تحسین کی۔

الشیخ زاید کا کہنا تھا کہ سوڈان کی یمن میں باغیوں کیخلاف جاری آپریشن میں شراکت سے باغیوں کو شکست دینے میں مدد ملی ہے۔سوڈانی صدر عمر البشیر نے متحدہ عرب امارات کی خلیج اور دوسرے عرب ممالک کی فلاح وبہبود کے لیے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ عرب خطے میں امن وامان، معاشی خوش حالی اور استحکام میں امارات کا کلیدی کردار ہے۔سوڈانی صدر کی اماراتی ولی عہد سے ملاقات کے موقع پر سوڈان کے وزیر خارجہ ابراہیم الغندور، وزیر خزانہ بدرالدین محمود عباس، وزیر برائے بجلی و انسانی وسائل متعز موسیٰ عبداﷲ، وزیر مملکت برائے ریاستی امور فضل عبداﷲ فضل، صدر کے پرنسپل سیکرٹری جنرل طہ الحسین اور متحدہ عرب امارات میں سوڈان کے سفیر محمد امین عبداﷲ الکارب بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :