پیرس حملوں میں استعمال ہونے والے بیشتر ہتھیار ’سربیا میں بنائے جانے کا انکشاف

اتوار 29 نومبر 2015 16:23

بلغراد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 نومبر۔2015ء )سربیا کی ہتھیاروں کی فیکٹری کے سربراہ نے انکشاف کیا ہے کہ پیرس حملوں میں استعمال ہونے والے بیشترہتھیار80 کے عشرے کے آخر میں سربیا میں بنائے گئے تھے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق زاستاوا نامی ہتھیاروں کی فیکٹری کے ڈائریکٹر میلاجکو برازاکووچ کا کہنا ہے کہ انھوں نے پولیس کی جانب سے ملنے والی آٹھ رائفلوں کے سیریل نمبر چیک کیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم 70 رائفلز بوسنیا، مقدونیہ اور سیلونیہ میں فوج کے لیے بھجوائی جاتی تھیں۔ہتھیاروں کی فیکٹری کے ڈائریکٹر میلاجکو برازاکووچ نے کہا کہ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ وہ رائفلیں ہم نے ہی بنائی تھیں۔وہ کہتے ہیں کہ 1990 کے بعد کوئی بھی انھیں اپنے قبضے میں لے سکتا تھا۔

(جاری ہے)

ایم 70 رائفل سوویت اے کے 47 کی جدید شکل ہے۔زاستاوا نامی ہتھیاروں کی فیکٹری کراوجیواک میں موجود ہے۔

یہ علاقہ اس سے قبل زودی سروینا زاستاوا کہلاتا تھا۔ یہاں سے صرف چھوٹے ہتھیار یوگوسلاویہ کی فوج اور پولیس کے لیے بھجوائے جاتے تھے۔ 1990 کی دہائی میں جب بلقان میں جنگیں ہوئیں تو یہ ہتھیار وہاں کے شہریوں کے ہاتھوں میں بھی چلے گئے۔فلیمش پیس انسٹی ٹیوٹ سے وابستہ نلس دوکویٹ کا کہنا ہے کہ ان میں سے بہت سے ہتھیار مغربی یورپ میں سمگل ہوتے رہے۔یہ بھی اطلاعات موصول ہوتی رہی ہیں کہ سابقہ یوگوسلاویہ کے یہ ہتیھار شامی باغی شام میں جاری خانہ جنگی میں بھی استعمال کر رہے ہیں۔خیال رہے کہ 13 نومبر کو پیرس میں سات مقامات پر ہونے والے حملوں کے نتیجے میں 130 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔