Live Updates

ایم اویوز سائن کرنا حکمرانوں کا پسندیدہ ’’مشغلہ ‘‘ہے ،آمر کی ذہنیت رکھنے والوں کا سورج جلد غروب ہونیوالا ہے ‘ جمشید چیمہ

اشرافیہ پاکستان سے کمایا ہوا پیسہ اپنے ملک میں لگانے کو تیار نہیں ،بیرو نی سرمایہ کاروں کو پاکستان آنے کی ترغیب دی جارہی ہے ‘ ترجمان پی ٹی آئی

اتوار 29 نومبر 2015 16:45

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 نومبر۔2015ء) تحریک انصاف پنجاب میڈیا ٹاسک فورس کے کنوینر جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ ایم اویوز سائن کرنا حکمرانوں کا پسندیدہ ’’مشغلہ ‘‘ہے ،حکومت میں موجود اشرافیہ پاکستان سے کمایا ہوا پیسہ اپنے ملک میں لگانے کو تیار نہیں جبکہ بیرو ن ممالک کے سرمایہ کاروں کو پاکستان آنے کی ترغیب دی جارہی ہے ،حکومت اپنی ناکامی کو تسلیم کرلے اور قوم کے ٹیکسز سے جمع ہونے والے اربوں روپے نندی پورکے ناکام منصوبے پرمزید تجربات کی بھینٹ نہ چڑھائے جائیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر پارٹی کے متحرک کارکنوں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ان کی اہلیہ مسرت جمشید چیمہ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ جہاں ملک و قوم کی فلاح کی بات آتی ہے وہاں صرف ایم او یوز کئے جاتے ہیں لیکن جہاں سے اپنا ’’ حصہ ‘‘ نکالنا مقصود ہوتا ہے وہاں پر سالوں کے منصوبے مہینوں میں مکمل کئے جارہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کرپٹ عناصر کے احتساب کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے لیکن انشا اﷲ وہ وقت دور نہیں جب ایسے تمام عناصر قانون کے کٹہرے میں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک میں سماجی و معاشی انصاف کی جنگ لڑ رہے ہیں اگر قوم نے اپنے مستقبل کو محفوظ بنانا ہے تو انہیں پی ٹی آئی کا ساتھ دینا ہوگا وگرنہ ہمارے پاس پچھتاوے کے سوا کچھ نہیں بچے گا۔

جمشید اقبال چیمہ نے مزید کہا کہ عمران خان کے کراچی کے دورہ سے عوام کی آنکھوں میں جو چمک نظر آرہی ہے اس سے واضح ہے کہ مستقبل تحریک انصاف کا ہے اور تحریک انصاف ہی کراچی سے بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کا خاتمہ کر کے وہاں روشنیاں لائے گی ۔ انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ عمران خان کا پیغام گھر گھر پہنچانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔جمہوریت کے لبادے میں آمر کی ذہنیت رکھنے والوں کا سورج جلد غروب ہونے والا ہے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات