آزاد جموں و کشمیر گزیٹڈ آفیسرز ایسوسی ایشن کا چارٹر آف ڈیمانڈز کی منظوری کے لیے گڈگورننس مہم کا پہلا مرحلہ مکمل

مظفرآباد اور پونچھ ڈویژنز کے آفیسران کی طرف سے ایسوسی ایشن کے مطالبات کی مکمل حمایت

اتوار 29 نومبر 2015 16:50

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 نومبر۔2015ء) آزاد جموں و کشمیر گزیٹڈ آفیسرز ایسوسی ایشن کا چارٹر آف ڈیمانڈز کی منظوری کے لیے گڈگورننس مہم کا پہلا مرحلہ مکمل، مظفرآباد اور پونچھ ڈویژنز کے آفیسران کی طرف سے ایسوسی ایشن کے مطالبات کی مکمل حمایت، تفصیلات کے مطابق آزادکشمیر گزیٹڈ آفیسرز ایسوسی ایشن نے ریاستی بیوروکریسی کو عدل و انصاف اور میرٹ کی بنیاد پر استوار کرنے کے لیے ترتیب دیئے گئے چارٹ آف ڈیمانڈز، جس میں بلاتفریق جملہ کیڈرز کے آفیسران کے لیے یکساں فارمولے کے تحت ٹائم سکیل ترقیابی کے مواقع کی فراہمی، بیوروکریسی کے تمام مناصب پر تعیناتی و ترقیابی کے لیے یکساں قواعد و ضوابط اور پالیسی کا نفاذ، سیکرٹریٹ اور جملہ محکمہ جات کی یکساں فارمولے کے مطابق تنظیم نو، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں سے لبریشن سیس کے نام پر رقوم کی کٹوتی اور گھوسٹ سیاسی کارکنوں کی بھرتی کے خاتمے اور ایچ بی اے وغیرہ کی واگزاری کے مطالبات شامل ہیں، کی حمایت میں اپنی تحریک شروع کر رکھی ہے جس کا آغاز دارالحکومت مظفرآباد میں تنظیم کی سنٹرل ایگزیکٹیو کونسل کے اجلاس سے ہوا۔

(جاری ہے)

سنٹرل ایگزیکٹیو کونسل نے ضلعی ہیڈکوارٹرز پر آفیسران کے احتجاجی اجتماعات، دارالحکومت میں مرکز اور مظفرآباد ڈویژن کے آفیسران کے اجتماع اور مسائل حل نہ ہونے کی صورت میں کالی پٹیاں باندھنے مابعد روزانہ ایک گھنٹے کی قلم چھوڑ ہڑتال اور آخری چارہ کار کے طور پر چارٹر آف ڈیمانڈز کی منظوری تک مکمل قلم چھوڑ ہڑتال و دھرنے کے مرحلہ وار احتجاجی پروگرام کا فیصلہ کیا ہے۔

جس کی روشنی میں ایسوسی ایشن کے صدر سردار جاوید ایوب اور سیکرٹری جنرل سید سلیم گردیزی نے راولاکوٹ اور باغ کا دورہ کیا۔ جہاں باغ و پونچھ ڈویژن کے جملہ آفیسران نے اجتماعات میں شرکت کی اور چارٹر آف ڈیمانڈز کی منظوری کے لیے سنٹرل ایگزیکٹیو کونسل کی جانب سے ترتیب دیئے گئے احتجاجی پروگرام پر مکمل عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔ راولاکوٹ میں پونچھ ڈویژن کے آفیسران سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر سردار جاوید ایوب، جنرل سیکرٹری سید سلیم گردیزی اور ضلع پونچھ کے صدر سردار زبیر ایوب نے کہا کہ ایسوسی ایشن گزشتہ ڈیڑھ سال سے حکومت کی توجہ آفیسران کو درپیش بنیادی مسائل کی طرف مبذول کرا رہی ہے لیکن حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔

وزیراعظم اور چیف سیکرٹری کو آفیسران کے ایک مخصوص گروپ نے یرغمال بنا رکھا ہے۔ پرنسپل سیکرٹری، سیکرٹری سروسز، پی ایس او ہمراہ وزیراعظم اور پی ایس او ہمراہ چیف سیکرٹری کا تعلق اسی مراعات یافتہ سروس گروپ سے ہے۔ تمام ریاستی وسائل اور عہدوں پر یہی طبقہ قابض ہے اور دیگر جملہ کیڈرز، محکمہ جات اور سروس گروپس کے آفیسران امتیازی سلوک کا شکار ہیں۔

بعض محکمہ جات کے آفیسران 25تا 35 سال ایک ہی سکیل میں گزار کر یا محض ایک درجہ ترقیابی پا کر ریٹائر ہونے پر مجبور ہیں جبکہ مراعات یافتہ طبقہ جو آفیسران کی مجموعی تعداد کا 2 فیصد بھی نہیں، دن دگنی رات چوگنی ترقی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن نے اس صورت حال میں حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے محروم کیڈرز کے آفیسران کو ترقیابی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے یکساں فارمولے کے تحت ٹائم سکیل ترقیابی کا نظام وضع کیا جائے۔

زبانی ملاقاتوں میں حکام ایسوسی ایشن کے چارٹر آف ڈیمانڈز کو جائز اور قابل عمل تسلیم کرتے ہیں اور اس سلسلے میں حکومتی نوٹیفکیشن کے ذریعے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے لیکن عملی طور پر نہ حکومت کوئی پیشرفت کر رہی ہے نہ کمیٹی کی سطح پر کوئی کاروائی ہوئی ہے۔ ان حالات میں ایسوسی ایشن کے پاس احتجاج کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا۔ پونچھ ڈویژن کے آفیسران نے اس موقع پر ایسوسی ایشن کے حتجاجی پرگرام پر مکمل عملدرآمد کا اعلان کیا اور مرکزی قیادت کو یقین دلایا کہ پونچھ ڈویژن کے آفیسران مرکزی تنظیم کی کال پر مکمل ہڑتال کے لیے بھی تیار ہیں۔

مرکزی صدر سردار جاوید ایوب اور سیکرٹری جنرل سید سلیم گردیزی نے دوسرے دن باغ کے مقام پر ضلعی آفیسران کے اجتماع میں شرکت کی۔ اس موقع پر مرکزی صدر سردار جاوید ایوب نے نومنتخب ضلعی صدر سردار اکرام الحق اور ضلعی چیف آرگنائزر عبدالحمید مغل سے حلف بھی لیا۔ تقریب سے مرکزی صدر سردار جاوید ایوب، سیکرٹری جنرل سید سلیم گردیزی، ڈپٹی کمشنر باغ امجد علی مغل، ضلعی صدر سردار اکرام الحق، سابق ضلعی صدر سردار کبیر خان، ضلعی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر سید شاہد حسین گردیزی، عبدالحمید مغل، انجینئر ندیم سرور اور دیگر آفیسران نے بھی خطاب کیا۔

مقررین نے ایسوسی ایشن کے چارٹر آف ڈیمانڈز کے مختلف نکات پر روشنی ڈالی۔ ضلع باغ کے آفیسران نے بھی چارٹر آف ڈیمانڈز کی منظوری کے لیے ایسوسی ایشن کی احتجاجی تحریک کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ ایسوسی ایشن کی احتجاجی تحریک کے اگلے مرحلے میں کوٹلی اور میرپور میں جلسوں کا انعقاد کیا جائے گا جس کے بعد مظفرآباد میں مرکزی اور مظفرآباد ڈویژن کا جلسہ منعقد ہو گا۔ سردار جاوید ایوب اور سید سلیم گردیزی نے کہا ہے کہ ایسوسی ایشن ریاستی انتظامیہ کے ڈھانچے کو مکمل تباہی سے بچانا چاہتی ہے اور اسے چند افراد کا آلہ کار بننے کی بجائے حقیقی معنوں میں عوام کا خادم بنانا چاہتی ہے جو کہ بیوروکریسی کا اصل کردار ہے۔ گڈگورننس کی یہ تحریک اپنے مقاصد کے حصول تک جاری رہے گی۔