ایلان کردی کی قربانی رنگ لے آئی ، کینیڈا کا اہلخانہ کو پناہ دینے کا اعلان

اتوار 29 نومبر 2015 17:06

اوٹاوا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 نومبر۔2015ء) ترکی کے ساحل سے مردہ حالت میں ملنے والے ایلان کردی کی قربانی رنگ لے آئی ہے، کینیڈا نے اْن کے اہلخانہ کو پناہ دینے کا اعلان کردیا جس کی تصدیق کرتے ہوئے ایلان کی پھوپھی نے بتایاکہ امید کرتے ہیں کہ کرسمس تک ان کا خاندان کینیڈا میں ہوگا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق تیما کردی نے بتایاکہ حکومت نے ان کے بھائی محمد کردی اور اس کی فیملی کو کینیڈا لانے کی درخواست کی منظوری دیدی ہے تاہم سیکیورٹی معاملات تاحال طے نہیں پاسکے۔

رپورٹ کے مطابق تیماکردی کی محمد اور اس کی فیملی کو کینیڈا لانے کی درخواست مسترد ہوگئی تھی تاہم درخواست رد کیے جانے کے بعد ایلان کے والد عبداﷲ کیلئے بھی راہ ہموار ہوگئی۔تیماکردی نے بتایاکہ عبداﷲ کینیڈا آنے میں زیادہ دلچسپی نہیں لے رہے اور وہ شمالی عراق میں پناہ گزین بچوں کی مدد کے لیے کام کرناچاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

سٹیزن شپ اینڈامیگریشن کینیڈا کی ترجمان نے بتایاکہ ڈیپارٹمنٹ نے کردی فیملی سے رابطہ کیاہے اور ان کی درخواست پر کام جاری ہے۔

یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ محمد کردی مرنیوالے تین سالہ ایلان کردی کے چچا ہیں۔اس سے قبل حالیہ انتخابات میں وزیراعظم منتخب ہونیوالے جسٹن نے رواں سال کے اختتام تک 10000شامی پناہ گزینوں جبکہ فروری کے اختتام تک پندرہ ہزار پناہ گزینوں کو آباد کرنے کا اعلان کیاتھا۔یادرہے کہ ترکی سے یونان کے جزیرے کی طرف جاتے ہوئے ایلان کردی اپنے پانچ سالہ بھائی اور والدہ کے ہمراہ سمندر میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیاتھا جس کی سمندر کنارے سے اوندھے منہ پڑی لاش ملی تھی اور اس کی فوٹو نے دنیا کی توجہ پناہ گزینوں کے مسئلے کی طرف مبذول کرائی تھی ، ایلان کردی کے والدعبداﷲ ان چند مسافروں میں سے تھے جو کشتی حادثے میں بچ پائے تھے۔

متعلقہ عنوان :