پاک چائنہ دوستی پر جتنا بھی ناز کیا جائے کم ہے ، چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا اس کی مثال کہیں نہیں ملتی‘ رفیق رجوانہ

پاکستان سے چین کی دوستی لازوال راستوں اور با کمال رابطوں میں بدل چکی ہے ، چین پاکستانیوں کیلئے چَین کا باعث ہے ‘گورنر پنجاب

اتوار 29 نومبر 2015 17:35

لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 نومبر۔2015ء ) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہاہے کہ پاک چائنہ دوستی پر جتنا بھی ناز کیا جائے کم ہے ،جس طرح چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اس کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی ،دنیا میں امن اور بھائی چارے کی فضا قائم کرنا ہو یا انسانوں کے مختلف طبقوں کو ایک دوسرے کے قریب لانا ہو اس سلسلے میں دونوں ممالک کے مقاصد مشترک ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چائنہ سے آئے ہوئے دس رکنی میڈیا وفد سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی -گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان سے چین کی دوستی لازوال راستوں اور با کمال رابطوں میں بدل چکی ہے ۔ چین پاکستانیوں کے لیے چَین کا باعث ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تابندہ دوستی کے پچھلے68سال روشنی کا نیا زمانہ بن کر پاکستان اور چین میں جگمگا رہے ہیں، یہ دوستی شہد سے میٹھی ،ہمالہ سے اونچی،سمندروں سے گہری ا ور فولاد سے زیادہ مضبوط ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات باہمی اعتماد اور اتحاد کے حوالے سے بے مثال ہیں- انہوں نے کہا کہ سیاسی اور عوامی سطح پر دونوں ممالک نے ہر طرح کے حالات میں جس طرح دوستی کا حق ادا کیا ہے وہ ہم سب کے لیے فخر کاباعث ہے ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کے لیے سیاسی اور عسکری قیادت ایک پیج پر ہیں‘ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے لیے ضرب عضب آپریشن اپنے منطقی انجام کی طرف کامیا بی سے جاری ہے جبکہ سیاسی اور عسکری قیادت کے مشترکہ نیشنل ایکشن پلان پر بھی موثر انداز میں عملدرآمد جاری ہے ،انہو ں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب کی قیادت میں ملک کے طول و عرض میں عوامی فلاح کے لاتعداد منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے - انہوں نے کہا کہ بجلی کے بحران کے حل کے لیے توانائی کے متعدد منصوبوں کے آغاز کے ساتھ ساتھ نئے ڈیم تعمیر کرنے پر بھی توجہ دی جار ہی ہے - میڈیا کے وفد نے گورنر پنجاب کو بتایا کہ چین کو پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات پر ناز ہے اور وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعاون میں وسعت آر ہی ہے -وفد نے پاکستان میں اپنے قیام کو یاد گار قرار دیا اور زندہ دلان ِ لاہور کی مہمان نوازی کی خاص طور پر تعریف کی -