دنیا کو بہترین اورپرامن مسکن بنانے کیلئے دہشتگردی اور موسمی تغیرات سمیت تمام چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں ٗوزیر اعظم

دشتگردی کیخلاف سلامتی کونسل کی وضح کردہ اصولوں پر مکمل عملدرآمد کر دیا ہے ٗداعش کے خطرات اور دہشتگردی کے غیر ملکی رجحان سے نمٹنے کیلئے عالمی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں ٗملک سے پولیو کے خاتمہ تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے ٗ نواز شریف کی عالمی رہنماؤں سے گفتگو ٗ خطاب

اتوار 29 نومبر 2015 17:58

ویلیٹا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 نومبر۔2015ء) وزیر اعظم محمد نوازشریف نے واضح کیا ہے کہ دنیا کو بہترین اورپرامن مسکن بنانے کیلئے دہشتگردی اور موسمی تغیرات سمیت تمام چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں ٗ دشتگردی کیخلاف سلامتی کونسل کی وضح کردہ اصولوں پر مکمل عملدرآمد کر دیا ہے ٗداعش کے خطرات اور دہشتگردی کے غیر ملکی رجحان سے نمٹنے کیلئے عالمی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں ٗملک سے پولیو کے خاتمہ تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔

وزیر اعظم محمد نواز شریف نے مالٹا میں 27سے29نومبر کو منعقد ہونے والے دولت مشترکہ کے سربراہان مملکت کے 24ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کی ۔ انہوں نے 53ممالک سے آئے عالمی رہنماؤں کو آگاہ کیا کہ پاکستان سماجی ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول کیلئے باہم ملکر کام کرنے کیلئے تیار ہے ۔

(جاری ہے)

مالٹا کے دارالحکومت ویلیٹا میں 3دن قیام کے دوران وزیر اعظم محمد نواز شریف نے نہ صرف دولت مشترکہ سربراہان مملکت اجلاس کے دوران دہشتگردی اور موسمی تغیر ، پائیدار ترقی کے اہداف اور مہاجرین کے مسائل پر ہونے والے اہم اجلاس میں شرکت کی بلکہ دولت مشترکہ کہ اجلاس میں شریک متعدد عالمی سربراہان مملکت سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کیں۔

دولت مشترکہ کے سربراہاں مملکت اجلاس کے ایگزیکٹو سیشن میں وزیر اعظم محمد نواز شریف نے دیگرعالمی رہنماؤں کے ساتھ عالمی ترقی کے ایجنڈے کا جائزہ لیا اور 21اکتوبر 2015ء میں لندن میں سینئر حکام کے اجلاس میں عبوری طور پر اختیار کئے گئے ابتدائی ایجنڈے کی منظوری دی ہے ۔ موسمی تغیر پرخصوصی اجلاس میں وزیر اعظم نے دولت مشترکہ کے رہنماؤں کو آگاہ کیا کہ گرین ہاؤس کے اخراج کے حوالے سے پاکستان کا شمار سب سے کم گیسز اخراج کرنیوالے ممالک میں ہوتا ہے جسکا تناسب صرف 0.8فیصد ہے جو عالمی سطح پر کی جانے والی کوششوں میں پاکستان کے مثبت کردار کا عکاسی ہے ۔

وزیر اعظم محمد نوازشریف نے انہیں آگاہ کیا کہ پاکستان نے موسمی تغیر کے حوالے سے قومی پالیسی اختیار کی ہوئی ہے اور اپنی قومی اقتصادی اور ترقیاتی منصوبہ بندی میں ماحول دوست پالیسیوں کو شامل کر رکھا ہے ۔ وزیر اعظم نے دولت مشترکہ سربراہان مملکت اجلاس کے وقفہ کے دوران 2اجلاسوں میں شرکت کی جہاں انہوں نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ دولت مشترکہ ممالک کو لاحق مسائل کے قابل عمل حل تلاش کرنے پر غور و خوض کیا۔

اجلاسوں میں شریک حکومتی سربراہان میں مالٹا کے جوزف سلکیٹ ، برطانیہ کے ڈیوڈ کیمرون ، کینیڈا کے جوسٹین ٹروڈیو ، آسٹریلیا کے مالکالمٹرن بل ، فرانسیسی صدر فرانکوئز اولاند ، سری لنکا کے صدر میتھر ییالا سری سپنا اوردیگر 53ممالک کے سربراہان نے شرکت کی ۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے حکومتی سربراہان کے ساتھ ملاقاتوں میں انہیں بتایاکہ پاکستان انفرادی ، گروہی یا ریاستی دہشتگردی کی تمام اشکال اور اقسام جس سے کشیدگی اور کشیدگی کے خدشات پیدا ہوتے ہیں کی بھر پور انداز میں مذمت کرتا ہے ۔

انہوں نے دولت مشترکہ کے سربراہان کو بتایا کہ پاکستان عسکریت پسندی سے نمٹنے کی عالمی کوششوں میں بھی تعاون کر رہا ہے اور دہشتگردی کیخلاف سلامتی کونسل کی وضح کردہ اصولوں پر مکمل عملدرآمد کر دیا ہے۔انہوں نے آئی ایس آئی ایل کے خطرات اور دہشتگردی کے غیر ملکی رجحان سے نمٹنے کیلئے عالمی کوششوں کی حمایت کا بھی اظہار کیا۔ ہجرت کے مسئلہ پر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے 35برس سے زائد عرصہ سے مہاجرین کی وجہ سے پاکستان کو درپیش مشکلات کو اجاگر کیا اور زور دیا کہ دولت مشترکہ کو طویل المدت ہجرت کو مدنظر رکھتے ہوئے باقاعدہ اور قانونی ہجرت کیلئے مزید مواقع کیلئے وکالت کرنی چاہئے۔

دولت مشترکہ سیکرٹیریٹ کے زیراہتمام ’’پولیو مومنٹ ‘‘ کے ایک خصوصی سیشن میں وزیر اعظم نے دنیا کو پولیو سے پاک کرنے کے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا اور کہاکہ ملک سے پولیو کے خاتمہ تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ انہوں نے مہلک بیماری سے آئندہ نسل کو بچانے کیلئے حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ وہ ذاتی طو رپر پولیو کے خاتمہ کی قومی ٹاسک فورس کی قیادت کر رہے ہیں۔

دولت مشترکہ یوتھ کونسل نے وزیر اعظم محمد نواز شریف کو پاکستان نوجوانوں کی ترقی کیلئے اقدامات کے اعتراف توصیفی ایوارڈ بھی پیش کیا۔ دولت مشترکہ سربراہان اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کیں اور بین الاقوامی اہمیت کے ایشوز پران سے تبادلہ خیال کیا ۔ برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کے ساتھ ملاقات میں دونوں اطراف نے مختلف کیثرالجہت شعبوں بالخصوص تجارت ،خ سیکیورٹی کے شعبوں میں قریبی تعاون جاری رکھنے پراتفاق کیا اور دونوں ممالک کی خوشحالی کیلئے طویل المدت عزم کا بھی اظہار کیا۔

فرانس کے صدر سے ملاقات میں وزیر اعظم محمد نواز شریف نے فرانس کو دہشتگردی سے نمٹنے اور خفیہ معلومات کے تبادلہ میں تعاون کی پیشکش کی۔ انہوں نے پیرس میں ہونے والے حالیہ دشتگرد حملوں کی بھی شدید مذمت کی۔ آسٹریلیا کے وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے تجارت ، سرمایہ کاری اور دفاع کے شعبوں میں موجود تعاون پراطمینان کا اظہار کیا اور مختلف کثیر الجہت شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مستحکم بنانے کی راہیں تلاش کرنے پر توجہ مرکوز کی۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف پرنس آف ویلز ، شہزاادہ چارلس سے ملاقات کی اور عالمی امن ، بین الاقوامی تعاون کے فروغ اور جمہوری معاشروں کی ترقی پرمشتمل دولت مشترکہ کے چارٹر پر عمل کرنے کے پاکستان کے بھر پور عزم کااظہار کیا۔