وزیراعظم محمد نواز شریف مالٹا کا دورہ مکمل کرنے کے بعد فرانس کیلئے روانہ ہو گئے

وزیراعظم پیرس میں اقوام متحدہ کی کانفرنس برائے موسمی تغیر میں شرکت اور عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے

اتوار 29 نومبر 2015 17:58

ویلٹیا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 نومبر۔2015ء) وزیراعظم محمد نواز شریف مالٹا کے تین روزہ دورہ کے اختتام پر اگلے مرحلہ کیلئے اتوار کو فرانس کیلئے روانہ ہو گئے۔ وزیراعظم نے مالٹا میں دولت مشترکہ سربراہان حکومت کے 24 ویں اجلاس میں شرکت کی۔ لیوکا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مالٹا کی حکومت کے سینئر حکام اور تیونس کیلئے مالٹا میں مقیم پاکستان کے سفیر ظہیر پرویز خان نے وزیراعظم کو الوداع کیا۔

مالٹا کے دارالحکومت ویلیٹا میں قیام کے دوران وزیراعظم نے دولت مشترکہ سربراہان مملکت کے ایگزیکٹو اجلاس کے علاوہ دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خاتمہ، موسمی تغیر، پائیدار ترقی کے اہداف اور تارکین وطن کے معاملات کے حوالہ سے مختلف سیشنز میں شرکت کی۔ دولت مشترکہ سربراہان مملکت اجلاس کے دوران وزیراعظم نے برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون، آسٹریلیا کے وزیراعظم مالکالم ٹرن بل، فرانس کے صدر فرانسوا اولندے اور پرنس آف ویلز شہزادہ چارلس سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے پولیو کے خاتمہ کی خصوصی تقریب میں بھی شرکت کی۔ انہیں دولت مشترکہ یوتھ کونسل کی طرف سے پاکستانی نوجوانوں کی ترقی کیلئے کردار کے اعتراف میں توصیفی ایوارڈ بھی پیش کیا گیا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف پیرس میں اقوام متحدہ کی کانفرنس برائے موسمی تغیر (سی او پی 21) میں شرکت اور دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔