بہاولنگر، سرکل انٹی کرپشن میں جنگلات، صحت ،ایجوکیشن ،سوشل ویلفیئر ،پولیس ، مال،پبلک ہیلتھ کے محکموں ایک ارب کے غبن کا انکشاف، 12کیسز اور53انکوائریاں اوپن کر دی گئیں

اتوار 29 نومبر 2015 18:14

بہاولنگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 نومبر۔2015ء) سرکل انٹی کرپشن میں جنگلات، صحت ،ایجوکیشن ،سوشل ویلفیئر ،پولیس ،محکمہ مال،پبلک ہیلتھ ،ڈی او روڈز و بلڈنگ کے کرپٹ افسران کی موجیں ختم ،ایک ارب روپے سے زائد مالیت کے غبن بارے التواء کے شکار کیسز کا پنڈورا بکس کھول دیا گیا،دو سے تین کرپشن کے بادشاہوں کی گرفتاریاں متوقع ہیں،ڈائریکٹر انٹی کرپشن اکبر علی بھٹی نے بہاولنگر سرکل آفس میں عدالت لگا کر 12کیسز اور53انکوائریوں کو اوپن کرتے ہوئے سماعت شروع کردی،منیجر صنعت زار چوہدری مقصود سامنے کرنے سے انکاری،ایکسیئن پبلک ہیلتھ ملک نواز کی جانب سے ڈائریکٹر انٹی کرپشن کو گمراہ کرنے کی کوشش،اے ایس آئی صابر منیرکی جانب سے اختیارات کا ناجائز استعمال اوراصل چیک چوری کرنے کا الزام،محکمہ جنگلات میں سرکاری تنخواہوں کی مد میں 22کروڑ روپے غبن کے اہم ترین کیسز شامل ہیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق بہاولنگر سرکل انٹی کرپشن میں عرصہ دراز سے درجنوں کی تعداد میں زیر سماعت کیسز اور انکوائریوں کا کوئی پرسان حال نہ ہونے کی وجہ سے حالیہ تعینات ہونے والے ڈائریکٹر انٹی کرپشن ریجن بہاولپور اکبر علی بھٹی نے ماہانہ بنیادوں پر دو روزہ عدالت بہاولنگر میں لگانے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔اس اثناء میں اکبر علی بھٹی نے اتوار کو اپنی عدالت کے پہلے روز تقریبا ایک ارب روپے سے زائد مالیت کے کرپشن کیسز و انکوائریوں کی سماعت شروع کردی۔

اکبر علی بھٹی کی سربراہی میں لگنے والی عدالت میں 12کیسز اور 53انکوائریوں پر سماعت کی گئیں۔ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ مذکورہ کیسز اور انکوائریوں میں متعدد معاملات کی موجودہ نوعیت یہ تھی کہ گزشتہ کئی سالوں سے زیر سماعت ہونے کے باوجود انکوائریوں پر کوئی حتمی فیصلہ نہ کیا گیا بلکہ ان انکوائریوں اور کیسز کو سرد خانے کے سپرد کررکھا تھا۔

ڈائریکٹر انٹی کرپشن ریجن بہاولپور اکبر علی بھٹی نے اپنے ہمراہ ڈپٹی ڈائریکٹر لیگل و ٹیکنیکل اور ڈی ایس پی سمیت اسکواڈ کے ہمراہ بہاولنگر سرکل انٹی کرپشن پہنچ کر عرصہ دراز سے التواء کے شکار کیسز و انکوائریوں سمیت نئی انکوائریوں پر بھی سماعت شروع کردی ہے ۔محکمہ جنگلات میں بوگس ملازمین کے نام پر گزشتہ 17سالوں سے 22کروڑ روپے کے قریب سرکاری بجٹ کو مال بے رحم سمجھ کر ہڑپ کیا گیا ہے۔

ایکسیئن پبلک ہیلتھ ملک نواز کی جانب سے ٹف ٹائلز کے 7کروڑ روپے کے منصوبے میں ٹھیکیدار کوانوازنے اور قوائد و ضوابط کی خلاف ورزی کرکے میٹریل استعمال کیا گیا۔چیئرمین سی سی بی و سابق ڈسٹر کٹ سوشل ویلفیئر اور موجودہ منیجر صنعت زار چوہدری مقصود نے اپنے آبائی علاقہ 432/6Rمیں نامکمل سڑک تعمیر کرکے 45لاکھ روپے سے زائد رقم سرکاری خزانے سے وصول کرلی۔

اے ایس آئی صابر منیر نے تھانہ میکلوڈ گنج تعیناتی کے دوران جعلی چیک کے مقدمہ میں ملزمان سے سازباز کرکے اصل چیک غائب کرنے سمیت دیگر متعدد کرپشن کی زیر سماعت انکوائریوں پر ڈائریکٹر انٹی کرپشن نے آئندہ سماعت تک کیسز اور انکوائریوں کو ملتوی کردیا۔ڈائریکٹر انٹی کرپشن ریجن بہاولپور اکبر علی بھٹی نے "ڈسٹرکٹ یونین آف جرنلسٹ" کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بہاولنگر سرکل انٹی کرپشن میں بگڑے معاملات کو سدھارنے کے لئے بہاولنگر میں عدالت لگائی گئی ہے ۔سرکاری مال ہڑپ کرنے والوں کو سرکاری جیلوں کی ہوا بھی کھانا پڑے گی ۔کسی کرپٹ افسر کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :