شام میں جاری فضائی کارروائیوں کے خلاف برطانیہ اور سپین میں احتجاجی مظاہرے

فضائی کارروائی سے داعش کمزور نہیں مزید مضبوط ہو جائے گی،مظاہرین

اتوار 29 نومبر 2015 18:19

لندن/ میڈرڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 نومبر۔2015ء ) برطانیہ اور سپین میں ہزاروں افراد نے شام میں جاری فضائی کارروائیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے ہیں ، مظاہرین کا کہنا تھا کہ فضائی کارروائی سے داعش کمزور نہیں بلکہ مزید مضبوط ہو جائے گی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق شام ان دنوں عالمی طاقتوں کے قہر کا نشانہ بنا ہوا ہے ، داعش کے خلاف بننے والے اتحاد کی جانب سے اب تک شام کی سر زمین پر ہزار ہا میزائل برسائے جا چکے ہیں اور اب برطانیہ نے بھی فضائی کارروائیوں میں شامل ہونے کا عندیہ دیا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف شام میں فضائی کاروائیوں کے مخالفین بھی میدان میں آ گئے، وسطی لندن میں ہزاروں مظاہرین نے جمع ہو کر حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ فضائی بمباری سے داعش کمزور نہیں بلکہ مضبوط ہو گی ، فضائی بمباری سے شامی خانہ جنگی تیز ہو جائے گی اور برطانیہ کے لیے سکیورٹی خطرات بڑھ جائیں گے۔دوسری طرف سپین کے دار الحکومت میڈرڈ میں بھی ہزاروں افراد شام میں فضائی کاروائیوں کے خلاف نکل آئے انہوں نے اپنی حکومت کی شام کے مسئلے میں ممکنہ شمولیت پر تنقید کی۔ مظاہرین کے مطابق شام میں داعش کے خلاف کاروائیوں سے دہشت گردی مزید بڑھے گی۔

متعلقہ عنوان :