پاکستان کو لبرل ملک نہیں بننے دیں گے، دنیا بھر میں پاکستان کی شناخت اسلام ہے،مغرب پاکستان کو تنہا کرنے کی سازش کررہا ہے،اسلام کو دنیا کے سامنے انتہا پسند دین کے طور پر پیش کیا جارہا ہے، امن کے دعویداروں نے افغانستان اورعراق کی اینٹ سے اینٹ بجادی، یمن ،مصر، لیبیا اورشام میں امن تباہ کردیا گیا،اب روس اور ترکی میں کشیدگی پر تشویش ہے،جمعیت علمائے اسلام (ف )کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا لاڑکانہ میں شہدائے اسلام کانفرنس سے خطاب

اتوار 29 نومبر 2015 19:44

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29نومبر۔2015ء) جمعیت علمائے اسلام (ف )کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں پاکستان کی شناخت اسلام ہے، پاکستان کو لبرل ملک نہیں بننے دیں گے،مغرب پاکستان کو تنہا کرنے کی سازش کررہا ہے۔وہ اتوار کو لاڑکانہ میں ڈاکٹر خالد سومرو کی پہلی برسی پرشہدائے اسلام کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان ایک نظریے کی بنیاد پر وجود میں آیا اورنظریے ہر روز تبدیل نہیں ہوتے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ امریکا کی قیادت میں پورا یورپ اسلام کے خلاف اکٹھا ہوگیا ہے۔ جہاد کو دہشت گردی کے ساتھ جوڑنا مکروہ سازش ہے، اسلام کو دنیا کے سامنے انتہا پسند دین کے طور پر پیش کیا جارہا ہے۔ مغرب نے اسلام کی غلط تشریح کی ہے۔اسلام نہیں بلکہ اس کی غلط تشریح کرنے والے غلط ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ امن کے دعویداروں نے افغانستان اورعراق کی اینٹ سے اینٹ بجادی۔ یمن ،مصر، لیبیا اورشام میں امن تباہ کردیا گیا،اب روس اور ترکی میں کشیدگی پر تشویش ہے۔انھوں نے کہاکہ پاکستان کو لبرل ملک نہیں بننے دیں گے۔ حکمرانوں کو پاکستان کو لبرل نہیں بلکہ اسلامی بنانا ہوگا۔