تمہارے بھائی نے انڈین کرکٹ 5 سال پیچھے دھکیل دی، سچن ٹنڈولکر کی متنازعہ ٹیب سامنے آ گئی

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 29 نومبر 2015 21:03

تمہارے بھائی نے انڈین کرکٹ 5 سال پیچھے دھکیل دی، سچن ٹنڈولکر کی متنازعہ ..

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔29نومبر۔2015ء) ہندوستانی کرکٹ ٹیم اور سابق کوچ گریگ چیپل کے درمیان تلخیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں. کوچ اور ٹیم کے درمیان کشیدہ تعلقات کے نتیجے میں خراب پرفارمنس کے سبب ہندوستانی ٹیم ورلڈ کپ 2007 کے پہلے ہی راؤنڈ میں باہر ہو گئی تھی۔ تاہم، حال میں سچن ٹنڈولکر کی لیک ہونے والی ایک ٹیپ میں ان کی اور سابق کوچ کے بھائی آئن چیپل کی گفتگو منظر عام پر آئی ہے۔

ٹنڈولکر نے اپنی کتاب کیلئے مختلف ٹیپ ریکارڈ کرائی تھیں اور منظر عام پر آنے والی گفتگو بھی انہی میں سے ایک ہے۔ چند سال قبل ڈربن میں ٹنڈولکرایک جم میں ٹریننگ کر رہے تھے کہ اس دوران سابق آسٹریلین کپتان اور گریگ چیپل کے بھائی آئن چیپل وہاں آن پہنچے۔ اس موقع پر چیپل نے ٹنڈولکر پر ایک طنزیہ جملا کسا جس پر ٹنڈولکر نے غصے میں آ کر سابق آسٹریلین کپتان کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ 'تمہارے بھائی نے تمام مسائل پیدا کیے، اس نے ہندوستانی کرکٹ کو پانچ سال پیچھے دھکیل دیا'۔

(جاری ہے)

گریگ چیپل کو اُس وقت کے کپتان سارو گنگولی کی بھرپور حمایت پر 2005 میں جان رائٹ کی جگہ کوچنگ کی ذمےداری سونپی گئی تھی. تاہم، کچھ عرصے بعد ہی ان کی ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں خصوصاً گنگولی سے ان بن کی خبریں آنے لگیں۔ اس محاذ آرائی کی وجہ سے ٹیم کی کارکردگی خرابی کی طرف گامزن ہونے لگی. یکے بعد دیگرے شکستوں کے بعد گنگولی کو اپنی قیادت سے ہاتھ دھونا پڑے اور ان کی جگہ راہول ڈراوڈ کو کپتان بنایا گیا جبکہ 2007 میں ٹیم پہلے ہی راؤنڈ میں باہر ہوئی تو گریگ چیپل بھی اپنا عہدہ گنوا بیٹھے۔

یہ پہلا موقع نہیں جب ٹنڈولکر کا گریگ چیپل کے خلاف کوئی بیان سامنے آیا ہو، اس سے قبل لٹل ماسٹر نے الزام عائد کیا تھا کہ کوچ نے انہیں 2007 ورلڈ کپ سے قبل راہول ڈراوڈ کو کپتانی سے ہٹا کر قیادت اپنے ہاتھ میں لینے کی تجویز پیش کی تھی۔

متعلقہ عنوان :