یمن ، سعودی سرحد کے قریب شمالی صوبے میں فضائی حملے میں حوثی ملیشیا کے سربراہ کا بھائی ہلاک

اتوار 29 نومبر 2015 21:47

یمن ، سعودی سرحد کے قریب شمالی صوبے میں فضائی حملے میں حوثی ملیشیا کے ..

صنعاء(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29نومبر۔2015ء) یمن کی حوثی ملیشیا کے سربراہ عبدالملک الحوثی کا بھائی ابراہیم بدرالدین الحوثی سعودی عرب کی سرحد کے ساتھ واقع شمالی صوبے صعدہ میں ایک فضائی حملے میں مارا گیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ابراہیم بدرالدین الحوثی سمیت باغی ملیشیا کے نو قائدین شمال مغربی شہر صعدہ کے علاقے آل صیفی میں اتوار کو فضائی حملے میں مارے گئے ہیں۔

حوثی باغی یمنی صدر عبد ربہ منصور ہادی کی وفادار فورسز کے خلاف لڑرہے ہیں اور ان کے ٹھکانوں پر سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد فضائی حملے کررہا ہے۔صعدہ حوثی باغیوں کا مضبوط گڑھ ہے۔قبل ازیں سعودی عرب کی قیادت میں اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے ہفتے کے روز یمن کے جنوبی ساحلی علاقے میں دو چھوٹی کشتیوں کو بمباری میں نشانہ بنایا تھا۔

(جاری ہے)

ان کشتیوں پر مبینہ طور پر حوثی باغیوں کے لیے ہتھیار لے جائے جارہے تھے۔

یمنی صدر کی وفادار فورسز نے سعودی عرب کی قیادت میں اتحاد کی مدد سے گذشتہ ہفتے جنوب مغربی صوبے تعز میں حوثی باغیوں کے خلاف ایک بڑی کارروائی شروع کی تھی۔حوثی باغیوں اور ان کے اتحادی سابق صدر علی عبداللہ صالح کے وفادار فوجیوں نے گذشتہ چند ماہ سے تعز شہر کا محاصرہ کررکھا ہے لیکن یمنی فوج اور عرب اتحادی ان کا یہ محاصرہ ختم کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :