جرمن شہریوں نے اولمپکس 2024ء اور پیرالمپکس مقابلوں کی میزبانی کیخلاف ووٹ دیدیا

پیر 30 نومبر 2015 13:00

جرمن شہریوں نے اولمپکس 2024ء اور پیرالمپکس مقابلوں کی میزبانی کیخلاف ..

ہیمبرگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 نومبر۔2015ء) جرمنی کے شہر ہیمبرگ کے شہریوں نے 2024 کے اولمپکس اور پیرالمپکس مقابلوں کی میزبانی کے خلاف ووٹ دیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ہیمبرگ ان اولمپکس کھیلوں کی میزبانی کیلئے روم ، پیرس، بڈاپسٹ اور لاس اینجلس کے ساتھ شامل تھا۔ہونے والے ریفرینڈم میں ہیمبرگ اور اس کے نزدیکی شہر کیل کے 51.7 فیصد رہائشیوں نے اولمپکس کی میزبانی کے خلاف ووٹ ڈالے۔

میزبانی کی صورت میں کشتی رانی کے مقابلوں کا انعقاد کیل میں ہونا تھا۔جرمنی کے اولمپکس حکام نے میزبان امیدوار شہر کے طور پر ہیمبرگ کو برلن پر ترجیح دی تھی۔ہیمبرگ کے میئر اولوف شولز کے مطابق یہ وہ فیصلہ ہے جو ہم نہیں چاہتے تھے تاہم یہ واضح ہے۔1972 میں میونخ میں ہونے والے اولمپکس کے بعد سے جرمنی نے اولمپکس مقابلوں کی میزبانی نہیں کی ہے۔

(جاری ہے)

منصوبے کے ناقدین کے مطابق 11 ارب 20 کروڑ یورو کی لاگت سے اولمپکس منعقد کروانے کا یہ منصوبہ اسراف پر مبنی تھا۔دو سال قبل میونخ کے شہری بھی 2022 کے موسم سرما کے اولمپکس مقابلوں کی میزبانی کے خلاف ووٹ دے چکے ہیں۔رواں سال جولائی میں امریکی شہر بوسٹن نے بھی شہریوں کی حمایت حاصل نہ ہونے کے بعد 2024 کے مقابلوں کی میزبانی کی دوڑ سے باہر ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔2024 کے اولمپک کھیلوں کی میزبانی کے لیے منتخب ہونے والے شہر کے نام کا اعلان ستمبر 2017 میں کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :