جونیئر ڈیوس کپ پری کوالیفائنگ راؤنڈ کیلئے ٹرائلز آئندہ ماہ ہوں گے

پیر 30 نومبر 2015 13:02

جونیئر ڈیوس کپ پری کوالیفائنگ راؤنڈ کیلئے ٹرائلز آئندہ ماہ ہوں گے

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 نومبر۔2015ء)سری لنکا میں آئندہ سال ہونے والی جونیئرڈیوس کپ پری کوالیفائنگ راؤنڈ کیلئے قومی انڈر 16 ٹیم کے ٹرائلز 27 سے30 دسمبر تک سید دلاور عباس پی ٹی ایف ٹینس کملیکس اسلام آباد میں ہونگے۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکرٹری محمد خالد رحمانی کے مطابق فیڈریشن نے کھلاڑیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ 27 دسمبر تک ٹرائلز میں رپورٹ کریں۔

انہوں نے کہا کہ ٹرائلز میں سے3 کھلاڑیوں کا انتحاب کیا جائے گا۔ ٹرائلز میں رینکنگ کے حوالے سے 6 ٹاپ کھلاڑی جبکہ پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا سے وائلڈ کارڈ کی بنیاد پر ایک ایک کھلاڑی شرکت کرے گا۔ کھلاڑیوں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا اور ہر گروپ سے دو کھلاڑیوں کو کارکردگی کی بنیاد پر سلیکٹ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

چاروں کھلاڑی راؤنڈ رابن میچز کھیلیں گے اور ان میں سے تین کھلاڑیوں کی حتمی سلیکشن ہوگی اور چوتھا کھلاڑی سٹینڈ بائی ہوگا۔

رینکنگ کے حساب سے جن چھ کھلاڑیوں کو ٹرائلز کیلئے بلایا گیا ہے ان میں شہزاد محمد علی، نعمان آفتاب، حزیفہ عبدالرحمان، شعیب خان، عاقب عمر اور حمزہ بن رحمان شامل ہیں۔ وائلڈ کارڈ انٹریز کیلئے صوبائی ٹینس ایسوسی ایشنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایج گروپ کے حوالے سے ریجنل ٹرائلز منعقد کرکے بہترین کھلاڑیوں کے نام 15دسمبر تک پاکستان ٹینس فیڈریشن کو بھجوا دیں۔

خالد رحمانی نے بتایا کہ رینکنگ کے حساب سے منتخب ہونے والے چھ کھلاڑیوں کو ریلوے کا اکنامی کلاس کا ٹکٹ، ڈیلی الاؤنس اور رہائش مہیا کی جائے گی جبکہ وائلڈ کارڈ کے حامل کھلاڑیوں کو صرف رہائش دی جائے گی اور اگر انہوں نے دوسرے مرحلے کیلئے کوالیفائی کیا تو پھر دیگر الاؤنسز بھی دیئے جائیں گے۔ قومی انڈر 16ٹیم سری لنکا میں آئندہ سال ہونے والی جونےئرڈیوس کپ پری کوالیفائنگ راونڈ کے مقابلوں میں شرکت کرے گی۔ جونےئر ڈیوس کپ پری کوالیفائنگ راونڈ کے مقابلے آئندہ سال سری لنکا میں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ملائشیا میں ہونے والے ایونٹ میں پاکستانی جونےئر ٹیم رنرپ رہی تھی۔